0
Tuesday 2 Oct 2012 19:10

علامہ ساجد نقوی، ڈاکٹر ابوالخیر زبیر کی ملاقات، ایم ایم اے کی بحالی پر اتفاق

علامہ ساجد نقوی، ڈاکٹر ابوالخیر زبیر کی ملاقات، ایم ایم اے کی بحالی پر اتفاق
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علمائے اسلام اور مرکزی جمعیت اہل حدیث کے بعد اسلامی تحریک پاکستان نے بھی جماعت اسلامی کے بغیر متحدہ مجلس عمل کی بحالی پر اصولی اتفاق کر لیا ہے۔ اس بات کا فیصلہ لاہور مین پیر اعجاز ہاشمی کی رہائش گاہ پر اسلامی تحریک پاکستان کے سربراہ علامہ ساجد علی نقوی اور جمعیت علماء پاکستان کے صدر ڈاکٹر ابوالخیر محمد زبیر کے درمیان ملاقات میں کیا گیا۔ دونوں رہنماﺅں نے کہا کہ اس وقت وطن عزیز پاکستان کو اتحاد و اتفاق کی اشد ضرورت ہے، ہمارے اندرونی اور بیرونی دشمن پاکستان اور عالم اسلام کو ناقابل تلافی نقصان پہنچانا چاہتے ہیں، ایسے میں دینی جماعتوں اور خصوصاً ایم ایم اے کی بحالی کی جتنی ضرورت آج ہے شاید پہلے کبھی نہ تھی۔ 

ملاقات میں جے یو پی کے رہنما پیر اعجاز احمد ہاشمی، علامہ قاری محمد زوار بہادر، رشید احمد رضوی، بیرسٹر اویس رضا جبکہ اسلامی تحریک لاہور کے جنرل سیکرٹری شبیر حسین نقوی بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر ابوالخیر محمد زبیر نے علامہ ساجد نقوی کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ملک عزیز میں دینی قوتوں کے اتحاد کے لئے ان کے مثبت کردار کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء پاکستان علامہ ساجد نقوی کی ان کوششوں کو تحسین کی نظر سے دیکھتی ہے، جو انہوں نے پاکستان میں اتحاد بین المسلمین کے لئے کیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایم ایم اے کی بحالی کے بارے میں تمام جماعتوں سے رابطے کیے گئے، مگر جماعت اسلامی کے سوا ایم ایم اے کی باقی تمام جماعتوں نے اس کی بحالی کا خیر مقدم کیا اور تعاون کا یقین دلایا ہے۔ 

اس موقع پر علامہ ساجد علی نقوی نے کہا کہ ایم ایم اے کا پودا مولانا شاہ احمد نورانی صدیقی مرحوم نے لگایا تھا، مگر بدقسمتی سے ان کے وصال کے بعد اس کا شیرازہ بکھر گیا، میں جمعیت علماء پاکستان کی موجودہ قیادت کی ایم ایم اے کی بحالی اور مذہبی سیاسی جماعتوں کو قریب لانے کی کوششوں کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہوں، جس سے ایک بار پھر منشر اسلامی قوتیں متحد ہو جائیں گی۔ ذرائع کے مطابق علامہ ساجد نقوی نے جماعت اسلامی کے پاکستان میں سیاسی اور مذہبی معاملات میں کردار کو سراہتے ہوئے اس کی ایم ایم اے میں موجودگی کو ضروری قرار دیا اور ایک بار پھر ان سے رابطے پر زور دیا۔ توقع کی جا رہی ہے کہ ایم ایم اے کی بحالی کے حوالے سے 17 اکتوبر تک کوئی حتمی فیصلہ کر لیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 200337
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش