0
Thursday 4 Oct 2012 22:15
ہمارے مسائل کا حل اسلامی انقلاب میں ہے

عرب ممالک اپنے پیسے مغرب کے بینکوں سے نکال لیتے تو امریکا گٹھنے ٹیکنے پر تیار ہوجاتا، لیاقت بلوچ

عرب ممالک اپنے پیسے مغرب کے بینکوں سے نکال لیتے تو امریکا گٹھنے ٹیکنے پر تیار ہوجاتا، لیاقت بلوچ
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ امریکا اور مغرب نے توہین رسالت (ص) پر مبنی گستاخانہ فلم بناکر اسلام دشمنی کا ثبوت دیا ہے، توہین آمیز فلم معمولی واقعہ نہیں، امریکا نے اس فلم کے ذریعے دنیا میں ایک اور عالمی جنگ کا ماحول پیدا کیا ہے، اگر مسلم حکمران امریکا کا اقتصادی بائیکاٹ کردیں تو امریکا گھٹنے ٹیکنے پر مجبور ہوجائے گا، مسلمان سب کچھ برداشت کرسکتے ہیں لیکن اپنے نبی کریم (ص) کی شان میں گستاخی کسی صورت برداشت نہیں کرسکتے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان میڈیا سنٹر میں میڈیا ایڈوائزر کنور محمد صدیق سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے مزید کہا کہ نبی اکرم (ص) سے محبت ایمان کی نشانی ہے اور یہ جنت کی کنجی ہے، آج ہم اس لئے مظلوم ہیں کہ دشمن نے ہمیں چیلنج کیا ہے، ایک طرف وہ ہمارے اوپر بمباری کر رہا ہے اور دوسری جانب ہم پر تہذیبی یلغار بھی جاری ہے۔
 
ان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں اسلحے اور طاقت کے باوجود امریکا کو جب شکست کا سامنا کرنا پڑا تو اس نے توہین آمیز فلم بناکر مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کرنے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں اوبامہ نے جنرل اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے اپنے جھنڈے جلانے کا ذکر کیا، انہیں اپنے پرچم کی فکر ہے مسلمانوں کے جذبات کی نہیں، مسلمانوں نے پوری دنیا میں احتجاج کرکے ثابت کیا ہے کہ وہ سب کچھ برداشت کرسکتے ہیں لیکن اپنے نبی کریم (ص) کی شان میں گستاخی برداشت نہیں کرسکتے۔
 
انہوں نے کہا کہ اگر مسلم حکمران امریکا کا اقتصادی بائیکاٹ کرتے اور امریکا سے سخت احتجاج کرتے اور عرب ممالک اپنے پیسے مغرب کے بینکوں سے نکالنے کا اعلان کردیتے تو امریکا گھٹنے ٹیکنے پر تیار ہوجاتا۔ انہوں نے کہا کہ زرداری برطانیہ میں ہیں مگر اس واقعے پر کوئی احتجاج نہیں کیا، انہوں نے کہا کہ امریکی سفیر کو بچانے کیلئے بے گناہ مسلمانوں کو خاک و خون میں نہلایا گیا، یہ سب کچھ امریکا کو خوش کرنے کیلئے کیا گیا، انہوں نے کہا کہ ہمارے مسائل کا حل بابرکت اسلامی انقلاب میں ہے، جب تک قیادت بزدلوں اور امریکی غلام حکمرانوں کے ہاتھ میں ہے اس طرح کے واقعات ہوتے رہیں گے۔
خبر کا کوڈ : 200894
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش