0
Friday 5 Oct 2012 21:58

عمران خان کی زیر قیادت امن مارچ کل جنوبی وزیرستان روانہ ہوگا

عمران خان کی زیر قیادت امن مارچ کل جنوبی وزیرستان روانہ ہوگا
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی زیر قیادت امن مارچ کل بروز ہفتہ اسلام آباد سے جنوبی وزیرستان کیلئے روانہ ہوگا، جبکہ پشاور اور دیگر شہروں سے بھی ریلیاں مارچ میں شامل ہوں گی۔ تحریک انصاف کے مارچ میں شرکت کیلئے آنے والے افراد کا پہلا پڑائو ڈیرہ اسماعیل خان میں ہوگا جہاں علی فارم میں ایک کیمپ بنایا گیا ہے۔ تحریک انصاف کے رہنماء علی امین گنڈہ پور نے بتایا ہے کہ شام کے وقت ڈیرہ ٹانک روڈ پر ہتھالہ کے مقام پر عمران خان ذرائع ابلاغ کے نمائندوں اور قبائلی افراد سے خطاب کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسی طرح ہتھالہ سے اتوار کی صبح وزیرستان کیلئے ریلی روانہ ہو گی لیکن راستے میں ٹانک میں بھی قیام کیا جائے گا، جہاں مرکزی رہنماء خطاب کریں گے۔

دوسری جانب پاکستان تحریکِ انصاف کے مرکزی ترجمان نعیم الحق نے برطانوی میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ان کی اس ریلی کا مقصد امن ہے اور وہ کسی قسم کا تصادم نہیں چاہتے تاہم ان کا کہنا تھا کہ اگر انہیں حکومت کی جانب سے کسی مقام پر روکا گیا تو وہ وہیں جلسہ کریں گے۔ نعیم الحق کا کہنا تھا کہ انہوں نے حفاظتی نقطہ نظر سے سوچ بچار کر کے جنوبی وزیرستان جانے کا فیصلہ کیا۔ ان کے بقول جنوبی وزیرستان اتنا خطرناک علاقہ نہیں ہے جتنا کہ شمالی وزیرستان ہے اور انہوں نے حکومت کو اپنے منصوبے کے بارے میں پہلے سے مطلع کر رکھا ہے۔ ان کا کہنا تھا کراچی سمیت پورے پاکستان میں جس قسم کے واقعات ہوتے رہے ہیں اس لحاظ سے جنوبی وزیرستان ان سے زیادہ خطرناک علاقہ نہیں ہے۔
خبر کا کوڈ : 201127
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش