0
Monday 8 Oct 2012 02:26

جماعت اسلامی خواتین کی شان مصطفٰی ریلی، عرب ممالک سے امریکی بینکوں سے سرمایہ نکلوانے کا مطالبہ

جماعت اسلامی خواتین کی شان مصطفٰی ریلی، عرب ممالک سے امریکی بینکوں سے سرمایہ نکلوانے کا مطالبہ
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کے مرکزی سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے مطالبہ کیا ہے کہ امریکی صدر اور حکومت عالم اسلام سے گستاخانہ فلم پر معافی مانگے۔ پنجاب یونیورسٹی نیوکیمپس پل پر جماعت اسلامی وویمن ونگ کے زیر اہتمام خواتین اور بچوں کی شان مصطفی (ص) ریلی سے خطاب کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ ایک ارب ساٹھ کروڑ مسلمانوں کے جذبات مجروح کرنے کی شیطانی حرکات ختم ہونی چاہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مقدس مقامات، الہامی کتب اور انبیا کرام کی توہین کرنے کے خلاف اقوام متحدہ، یورپ اور امریکہ قانون سازی کرے۔ 

لیاقت بلوچ نے کہا کہ امریکہ اور مغرب نے پیغمبر اسلام ( ص) اور الہامی کتابوں کی توہین کو وطیرہ بنالیاہے جس سے دنیا بھر میں موجود ڈیڑھ ارب سے زائد مسلمانوں کی باربار دل آزاری کی جاتی ہے لیکن اظہار رائے کی آزادی کے نام پر اس مذموم حرکت کو ختم ہونا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ مغربی تہذیب دنیا کو امن اور خوشحالی دینے میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے اور لوگ اسلام کی گود میں پناہ لے رہے ہیں جس سے خوفزدہ ہو کر مغرب مذموم حرکتوں پر اتر آیاہے ۔ انہوں نے کہاکہ مسلمان اپنے عمل کی قوت سے اسلام دشمن قوتوں کے ان مذموم عزائم کو ناکام بنادیں۔ انہوں نے کہاکہ امریکہ جس تباہ کن روش پر چل نکلاہے جلد ہی اپنے عبرتناک انجام سے دوچار ہو گا اور دنیا کو امریکی غلامی سے نجات مل جائے گی ۔ 

انہوں نے کہا کہ اسلام کی بڑھتی ہوئی طاقت کی وجہ سے دشمن قوتیں خوفزدہ ہوکر گستاخانہ اقدامات پر اتر آئی ہیں۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ قرآن و سنت کا نظام دنیا بھر میں امن کی ضمانت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکہ سمجھتا ہے کہ مسلمانوں کے مرکز محبت و عقیدت پر حملہ کر کے وہ مسلمانوں کی مزاحمت کو ختم کرنے میں کامیاب ہو جائے گا اور دنیا اس کے نیو ورلڈ آرڈر کو تسلیم کرلے گی مگر جب تک دنیا میں ایک بھی مسلمان زندہ ہے وہ اپنے شیطانی ایجنڈے کو پورا نہیں کر سکتا ۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ غیرت و حمیت سے عاری عالم اسلام کے حکمران بے غیرتی کا کفن اوڑھے بزدلی کی قبر میں دفن ہو چکے ہیں ۔ مسلم ممالک کی فوجیں اسلام اور مسلمانوں کے تحفظ کے بجائے مغربی ایجنڈے کی تکمیل کے لیے لڑ رہی ہیں جبکہ عوام ہر جگہ مغربی استعمار کا مقابلہ کر رہے ہیں ۔ 

خواتین ریلی سے خطاب میں امیر جماعت اسلامی لاہور امیرالعظیم نے کہا کہ اسلام کو دبانے کی سازشوں کے باوجود یورپ اور امریکہ میں اسلام قبول کرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں چومکھی جنگ جاری ہے اور امریکہ مغرب کی سرپرستی کرتے ہوئے عالم اسلام کی غیرت کو للکار رہاہے ۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ دنیا بھر میں اسلام اور شعائر اسلام کی توہین کرنے والے بدبختوں کو اعزازات سے نوازتا اور ان کو ہیرو بنا کر پیش کرتا ہے۔ سلمان رشدی، تسلیمہ نسرین اور اب ٹیری جونز اور بدبخت یہودی فلم ساز کو امریکہ کی مکمل سرپرستی حاصل ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ مسلمانوں کے دلوں سے حضرت محمد (ص) کی محبت اور آپ کی ذات پر جانیں نچھاور کرنے کے جذبے کو نکال نہیں سکتا، اسے ہمیشہ اسی جذبے نے شکست سے دوچار کیا ہے او ر وہ آج عشق رسول پر مرمٹنے کے اس عزم کو سمجھ نہیں سکا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام اور پیغمبر اسلام کی محبت کے سامنے مغرب کی ایٹمی ٹیکنالوجی ناکام ہو چکی ہے ۔ اس جذبے کو خریدا جاسکتا ہے اور نہ ہی مسلمانوں کے دل سے نکالا جارہا ہے۔ 

خواتین ریلی میں گستاخ رسول کے خلاف کارروائی کے لئے سیاسی اور سفارتی ذرائع استعمال کرنے، او آئی سی کا اجلاس طلب کرنے، نیٹو سپلائی بند کرنے، امریکی مصنوعات کا بائیکاٹ اور عرب ممالک سے امریکی بینکوںسے سرمایہ نکالنے کا مطالبہ بھی کیا۔ 

ڈاکٹر رخسانہ جبیں، عائشہ منور، ڈاکٹر کوثر فرودس اور ناظمہ پنجاب سکینہ شاہد نے بھی خطاب کیا۔ حرمت رسول کانفرنس میں ہزاروں خواتین، سکولوں و کالجوں کی طالبات اور بچوں نے شرکت کی ۔ٓ
خبر کا کوڈ : 201758
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش