0
Sunday 14 Oct 2012 21:36

اہلسنت راہنماؤں کا ممتاز قادری کیخلاف الطاف حسین کے نازیبا الفاظ کی شدید ردعمل

اہلسنت راہنماؤں کا ممتاز قادری کیخلاف الطاف حسین کے نازیبا الفاظ کی شدید ردعمل
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے راہنماؤں صاحبزادہ فضل کریم، حاجی محمد حنیف طیب، پیر محمد افضل قادری، جماعت اہلسنّت پاکستان کے مرکزی امیر صاحبزادہ سید مظہر سعید کاظمی، مرکزی ناظم اعلیٰ علامہ سید ریاض حسین شاہ، سنی تحریک کے سربراہ ثروت اعجاز قادری،، انجمن طلبائے اسلام کے مرکزی صدر سید جواد الحسن کاظمی، تحفظِ ناموسِ رسالت محاذ کے صدر صاحبزادہ رضائے مصطفی نقشبندی، مولانا محمد علی نقشبندی، پیر محمد اطہر القادری، صاحبزادہ عمار سعید سلیمانی، مفتی محمد سعید رضوی، مفتی محمد حسیب قادری نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ الطاف حسین نے عظیم عاشق رسول ممتاز حسین قادری سے متعلق نازیبا الفاظ استعمال کر کے کروڑوں عاشقانِ رسول کی دل آزاری کی ہے۔

رہنماؤں نے کہاکہ الطاف حسین نے امریکہ اور مغربی قوتوں کو خوش کرنے کے لیے ممتاز حسین قادری کی مخالفت کی ہے لیکن انہیں جان لینا چاہیے کہ کروڑوں عاشقانِ رسول ممتاز حسین قادری کے ساتھ ہیں اور ممتاز حسین قادری دنیا بھر میں بسنے والے جانثارانِ مصطفی کا ہیرو ہے۔ سنی راہنماؤں نے کہا ہے کہ دنیا کی کوئی طاقت ممتاز حسین قادری کے حق میں ریلیاں نکالنے سے نہیں روک سکتی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ 17 اکتوبر کو لاہور میں ناصر باغ سے نکالی جانے والی ’’لبیک یا رسول اللہ(ص)! ریلی‘‘ کو ممتاز حسین قادری سے منسوب کیا جائے گا۔

سنی راہنماؤں نے کہا ہے کہ ممتاز حسین قادری پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کرنے والے وکلاء پر مقدمات نہیں انہیں ایوارڈ ملنے چاہئیں کیونکہ وکلاء نے ممتاز حسین قادری کا استقبال کر کے عشق رسول کا ثبوت دیا، وہ وقت جلد آئے گا جب ممتاز حسین قادری رہا ہو گا اور کروڑوں افراد ان پر پھول برسائیں گے۔ سنی راہنماؤں نے کہا ہے کہ ممتاز حسین قادری کروڑوں مسلمانوں کے دل کی ایک ایک دھڑکن میں بستا ہے اور ہر سچے مسلمان کی آنکھ کا تارا ہے۔ الطاف حسین نے ممتاز حسین قادری کے بارے میں ناپسندیدہ زبان استعمال کر کے کروڑوں مسلمانوں کے دلوں کو زخمی کیا ہے اور ان کے جذبات مجروح کئے ہیں جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔
خبر کا کوڈ : 203611
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش