0
Tuesday 16 Oct 2012 01:09
ملالہ یوسفزئی پر حملے میں امریکی ملوث ہیں، علامہ افتخار نقوی

ایران امریکہ دشمنی میں ثانی نہیں رکھتا، شیعہ سنی اختلافات خودساختہ ہیں، حامد سعید کاظمی

ایران امریکہ دشمنی میں ثانی نہیں رکھتا، شیعہ سنی اختلافات خودساختہ ہیں، حامد سعید کاظمی
اسلام ٹائمز۔ سابق وفاقی وزیر مذہبی امور اور پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ حامد سعید کاظمی نے کہا ہے کہ اسلامی بلاک کا راستہ روکنے کے لیے ایک سازش کے تحت ایران کے خلاف نفرتیں بڑھائی گئیں۔ لاہور میں تحریک وحدت اسلامی کے زیراہتمام اپنے اعزاز میں استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے حامد سعید کاظمی نے کہا کہ امریکہ کی واحد اسلامی ایٹمی طاقت پاکستان کے خلاف سازشیں بڑھتی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ چاہتا ہے کہ روس کی طرح پاکستان کو بھی توڑ دیا جائے۔ اس مقصد کے لیے ملک میں تخریب کاری اور دہشت گردی کو فروغ دیا گیا۔ 

ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی اور تخریب کاری سے اسلام کا تشخص بری طرح سے متاثر ہوا ہے۔ اگر خودکش حملے امریکہ دشمنی میں کیے جاتے ہیں تو خودکش حملے کرنے والوں کا ایران سے اتحاد ہونا چاہیے تھا۔ جو دنیا بھر میں امریکہ دشمنی میں اپنا کوئی ثانی نہیں رکھتا۔ حامد سعید کاظمی نے اس موقف کو مسترد کیا کہ خودکش حملوں کی وجہ امریکہ کے ڈرون حملے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ کہاں کا انصاف ہے کہ امریکہ نواز پالیسی حکومت کی ہو، ڈرون حملے امریکہ کرے، لیکن خودکش حملوں کا شکار مساجد، امام بارگاہیں اور اولیاء اللہ کے دربار ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ تخریب کاری اور دہشت گردی اگر ختم کر دی گئی تو امریکہ کی نام نہاد دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ کا جواز ختم ہو جائے گا۔ اسی وجہ سے اسے ختم نہیں کیا جا رہا۔ 

سابق وفاقی وزیر مذہبی امور نے کہا کہ شیعہ سنی اختلافات بھی خود ساختہ ہیں۔ اگر اسلام کے دونوں فرقوں میں فساد ہونا ہوتا تو پاکستان کے ہر گلی محلے میں ایسا ہوتا، مگر عوامی سطح پر لوگ باہم شیرو شکر ہیں۔ انہوں نے گستاخانہ امریکی فلم کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن نے تسلیم کیا ہے کہ امریکہ اور یورپ میں سب سے زیادہ فروغ پانے والا مذہب اسلام ہے۔ حامد سعید کاظمی نے کہا کہ دنیا میں جتنے بھی مذاہب ہیں ان میں سے تحقیر صرف رسول اکرم (ص) کی کی جاتی ہے۔ ہندوﺅں کے طرح طرح کے خدا بتوں کی شکل میں موجود ہیں۔ کسی نے ان کی کبھی تحقیر نہیں کی۔ کیونکہ ان سے کسی کو کوئی خطرہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ عظمت رسول (ص) کے لئے ہر مسلمان اپنی جان قربان کرنے کو تیار ہے، مگر اپنے ہی ملک میں توڑ پھوڑ اور بینک لوٹنا کسی صورت زیب نہیں دیتا اور نہ ہی یہ خدمت دین ہے۔ 

علامہ افتخار حسین نقوی:
اسلامی نظریاتی کونسل کے رکن اور امام خمینی ٹرسٹ کے چیئرمین علامہ افتخار حسین نقوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رسول اللہ (ص) نے محبت کا درس دیا۔ جو معاشرے میں فساد اور شر پیدا کرتے ہیں ان کا دین سے کوئی تعلق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ رسول اللہ (ص) نے دنیا میں تکلیفیں برداشت کیں، مگر مخالفین کو نقصان نہیں پہنچایا اور ان کے لیے سہولیات فراہم کرتے رہے۔ ان کو کھانا دیتے، تیمارداری کرتے۔ ان کا کہنا تھا کہ گستاخانہ فلم میں نہ صرف رسول (ص) بلکہ تمام انسانیت کی توہین کی گئی۔ 

علامہ افتخار حسین نقوی نے کہا کہ پاکستان کی سب سے بڑی مشکل یہ ہے کہ یہاں لادینیت کو دین بنا کر پیش کیا جا رہا ہے۔ سوات کی طالبہ ملالہ یوسف زئی پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے انہوں نے اسے اسلام دشمن اور جاہلوں کی کارروائی قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بچی پر حملے میں امریکی ملوث ہیں، جو دہشت گردی کو جاری رکھنا چاہتے ہیں۔ تقریب سے سابق وزیر پنجاب رانا اکرام ربانی، اختر رسول، مولانا جاوید اکبر ساقی، ڈائریکٹر خانہ فرہنگ جمہوری اسلامی ایران لاہو، جمعیت علمائے پاکستان نیازی کے صدر سید معصوم حسین نقوی اور دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔
خبر کا کوڈ : 203909
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش