0
Tuesday 16 Oct 2012 11:12

جارج گیلولے امن مارچ سے مسئلہ کشمیر عالمی توجہ کا مرکز بنے گا، عبدالرشید ترابی

جارج گیلولے امن مارچ سے مسئلہ کشمیر عالمی توجہ کا مرکز بنے گا، عبدالرشید ترابی
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے امیر عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ ریاست جموں و کشمیر کی آزادی اکائیوں کو علیحدہ خانوں میں رکھنے کی بجائے انھیں مربوط کرنے میں ہے۔ اے جے کے اور گلگت بلتستان کا مشترکہ صدر، وزیراعظم، سپریم کونسل ہو۔ بیس کمیپ کا 1940ء والا کردار بحال کرنے کے لیے آئینی اصلاحات وقت کا تقاضا ہیں۔ حکومت پاکستان کی غلط حکمت عملی اور آزاد حکومت کی تحریک سے عدم دلچسپی کی وجہ سے عوام کے اندر مایوسی پیدا ہو رہی ہے۔ جس کے تدارک کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے باغ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ضلعی امیر نثار شائق، آفتاب چغتائی، حاجی افراہیم، خالد کھوکھر اور مولانا مظفر بخاری بھی موجود تھے۔ 

مولانا ترابی نے کہا کہ آزاد کشمیر میں لوٹ مار کا بازار گرم ہے۔ ریاستی ادارے بدانتظامی کی وجہ سے تباہی کے دھانے پر پہنچ چکے ہیں۔ ہر وزیر وزیراعظم بنا ہوا ہے۔ باغ میں صرف دعوے ہیں بڑے منصوبے کیمشن مافیا کی نظر ہو رہے ہیں۔ ہیلتھ پیکج کے اعلانات تو کیے جاتے ہیں لیکن فیسوں میں اضافہ کر کے غریب افراد کے لیے سرکاری ہسپتالوں کے دروازے عملا بند کیے جا رہے ہیں۔ آزاد کشمیر میں مہاراجہ کی طرز پر مختلف ٹیکس لگائے جا رہے ہیں جس کی وجہ سے عوام میں بے چینی بڑھ رہی ہے۔ 

جارج گیلولے امن مارچ کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ حکومت پاکستان اور حکومت آزاد کشمیر اس میں بھرپور تعاون کریں اس مارچ سے مسئلہ کشمیر ایک مرتبہ پھر بین الاقوامی توجہ کا مرکز بن جائے گا۔ یورپ سے مظفرآباد اور سری نگر تک یہ مارچ تقسیم کشمیریوں کو یک جان کرنے میں مددگار ثابت ہو گا۔ انھوں نے کہا کہ لوگوں کا مایوس ہو کر مقبوضہ کشمیر واپس جانا تحریک کے خلاف سازش ہے جس کی روک تھام ضروری ہے۔ حکومت آزاد کشمیر کو مہاجرین کی مشکلات کو حل کرنے کےلیے ٹھوس اقدام کرنے کی ضرورت ہے۔
خبر کا کوڈ : 203960
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش