0
Friday 26 Oct 2012 22:43

حکومت امریکی دبائو سے نکل کر ایران کیساتھ گیس پائپ لائن کے منصوبے کی تکمیل کیلئے اقدامات کرے، اسد اللہ بھٹو

حکومت امریکی دبائو سے نکل کر ایران کیساتھ گیس پائپ لائن کے منصوبے کی تکمیل کیلئے اقدامات کرے، اسد اللہ بھٹو
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی سندھ اسد اللہ بھٹو نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کی مدت ختم ہو چکی ہے، انتخابات کی تیاری اور عبوری حکومت کیلئے قدم نہ اُٹھانا ناقابل فہم ہے، حکومت فی الفور عبوری حکومت قائم کرنے کیلئے قدم اُٹھائے جو کہ حکومت پر دستوری و آئینی طور پر فرض ہے، کراچی کے حالات کی ذمہ دار پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم اور اے این پی ہیں جو کہ اپنے اقتدار کو بچانے کیلئے کراچی میں خون کی ہولی کھیل رہی ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے مدرسہ جامع العلوم ملتان میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر جماعت اسلامی پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل رائو ظفر اقبال، کنور محمد صدیق، مدرسہ ہذا کے مہتمم مولانا عبدالرزاق، مولانا احسان احمد، حافظ محمداسلم، زبیر صدیقی بھی موجود تھے۔ 

انہوں نے کہا کہ عید کے موقع پر حکمران اتحاد میں شامل ایم کیو ایم نے اسلحہ کی بنیاد پر کھالیں جمع کرنے کا پلان مکمل کرلیا ہے، گلی، محلوں میں بیرکس لگادیئے گئے ہیں، جس کی وجہ سے کراچی عملاً جیل کی صورت اختیار کرچکا ہے، ایم کیو ایم کی اسلحہ کی سیاست کی وجہ سے شہری چرم ہائے قربانی دیانت دار اور اہل لوگوں کو دینے سے محروم ہو گئے ہیں، انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کا اسلحہ کے زور پر کھالیں جمع کرنا دین میں مداخلت کے مترادف ہے، حکومتی کارروائیوں اور اعلانات صرف نمائشی اقدامات ثابت ہو رہے ہیں۔
 
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی واحد جماعت ہے جس میں اصغر خان کیس میں اپنے اوپر لگائے گئے الزامات عدالت کے اندر رد کرنے کیلئے کئی سال پہلے فریق بننے کی درخواست دی تھی، جس پر عدالت میں پوری سماعت کے دوران کوئی شواہد سامنے نہیں آئے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر فرید پراچہ عدالت میں حلف نامہ جمع کرا چکے ہیں، جماعت اسلامی پر رقم لینے کا الزام دنیا کا سب سے بڑا جھوٹ ہے، خود رقم دینے والے بھی جماعت اسلامی کو رقم نہ دینے کا اعتراف کر چکے ہیں۔
 
ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے دو مرتبہ اقتدار حاصل کرنے کیلئے ملکی و غیر ملکی مقتدر قوتوں کا سہارا لیا، 1993ء میں غلام اسحاق خان اور 2008ء میں این آر اوکے ذریعے اقتدار حاصل کیا، این آر او کو بھی عدالت عالیہ اصغر خان کیس کی طرح غلط قرار دے چکی ہے، انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا اپنا ریکارڈ آئی جی آئی کے ریکارڈ سے بھی بد تر ہے، پیپلز پارٹی اپنی کرپشن کو چھپانے کیلئے ایک وزیر اعظم کو بھی بھینٹ چڑھا چکی ہے۔
 
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت امریکی دبائو سے نکل کر ایران کے ساتھ گیس پائپ لائن کے منصوبے کی تکمیل کیلئے اقدامات کرے تاکہ ملک سے توانائی کے بحران کا خاتمہ ہو سکے، انہوں نے کہا کہ دینی مدارس پاکستان میں علم کی شمع کو روشن کئے ہوئے ہیں، دینی مدارس میں لاکھوں غریب، یتیم اور بے سہارا بچے علم دین کی تعلیم حاصل کرتے ہیں، حکومت نے امریکی دبائو میں آکر ملک میں دفعہ 144 نافذ کرکے دینی مدارس کو کھالیں جمع کرنے سے روکنے کی سازش کی ہے، جس کی ہم پر زور مذمت کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ اس اقدام کو فی الفور ختم کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 206762
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش