0
Thursday 1 Nov 2012 20:36

لبیک یارسول اللہ لانگ مارچ کے حتمی شیڈول کا اعلان کر دیا گیا

لبیک یارسول اللہ لانگ مارچ کے حتمی شیڈول کا اعلان کر دیا گیا
اسلام ٹائمز۔ جماعت اہلسنّت پاکستان نے گستاخانہ فلم کے خلاف راولپنڈی تا کراچی ’’لبیک یا رسول اللہ(ص) لانگ مارچ‘‘ کے حتمی شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔ جماعت اہلسنّت پاکستان کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات محمد نواز کھرل نے بتایا ہے کہ ’’لبیک یا رسول اللہ(ص) لانگ مارچ‘‘ 8 نومبر کو صبح 10 بجے راولپنڈی سے شروع ہو کر 12 نومبر کو کراچی میں ختم ہو گا۔ لانگ مارچ کے آغاز پر راولپنڈی کے فوارہ چوک میں بڑا جلسہ منعقد ہو گا۔

لانگ مارچ کا قافلہ جہلم، گوجرخان، سوہاوہ، کھاریاں، سرائے عالمگیر، لالہ موسیٰ، گجرات، وزیر آباد، گکھڑ، گوجرانوالہ، کامونکی اور مرید کے سے ہوتا ہوا 9 نومبر کو لاہور پہنچے گا۔ لاہور میں ناصر باغ کے باہر جلسہ ہو گا۔ بعدازاں لانگ مارچ کا قافلہ مانگامنڈی، بھائی پھیرو، پتوکی اور اوکاڑہ سے گزرتا ہوا رات 10 بجے ساہیوال پہنچے گا جہاں بڑا جلسہ ہو گا اور مارچ کے شرکاء رات ساہیوال میں قیام کے بعد اگلے روز 10 نومبر کو میاں چنوں، خانیوال، ملتان، لودھراں، بہاولپور، خانپور، لیاقت پور سے گزر کر راجپور رحیم یار خان میں پڑاؤ کریں گے۔ اگلے روز 11 نومبر کو گھوٹکی، سکھر، بنو عاقل، سکھر، نواب شاہ، شہداد پور سے گزر کر حیدر آباد پہنچے گا۔

رات حیدر آباد میں قیام کے بعد 12 نومبر کو لانگ مارچ کا قافلہ کراچی پہنچے گا جہاں بڑے جلسے کے بعد لانگ مارچ ختم ہو جائے گا۔ 4 روزہ لانگ مارچ کے شرکاء 3ہزار کلومیٹر کا سفر طے کریں گے اور لانگ مارچ کے راستے میں 150 بڑے جلسے منعقد ہوں گے۔ جماعت اہلسنّت نے لانگ مارچ کی تیاریوں کے لیے ایک ہزار افراد پر مشتمل مختلف کمیٹیاں تشکیل دے دی ہیں۔ لانگ مارچ کا کنٹرول روم ادارہ تعلیماتِ اسلامیہ راولپنڈی میں قائم کر دیا گیا ہے۔ لانگ مارچ کے قافلے میں کم و بیش ایک ہزار کاریں، بسیں، ویگنیں اور مزڈا گاڑیاں شروع سے آخر تک سکیورٹی کے فرائض پاکستان سنی فورس سرانجام دے گی۔ جماعت اہلسنّت نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ لانگ مارچ ملکی تاریخ کا طویل ترین لانگ مارچ ہو گا۔
خبر کا کوڈ : 208319
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش