0
Friday 2 Nov 2012 15:21

برما کے مسلمانوں کی نسل کشی عالمی برادری کیلئے لمحہ فکریہ ہے، محمد حسین محنتی

برما کے مسلمانوں کی نسل کشی عالمی برادری کیلئے لمحہ فکریہ ہے، محمد حسین محنتی
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کراچی کے امیر محمد حسین محنتی نے برما میں ایک بار پھر نہتے مسلمانوں کے قتل عام پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس کی سخت مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ برما کے مسلمانوں کی منظم منصوبہ بندی کے تحت نسل کشی پوری دنیا کیلئے لمحہ فکریہ ہے، عالمی برادری، اقوام متحدہ، او آئی سی اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو اس قتل عام کا نوٹس لینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مغربی ممالک اور وہ تنظیمیں جو انسانی حقوق کی علمبردار ہیں انہیں اپنی خاموشی توڑنی چاہیے اور اس کھلی درندگی کے خلاف آواز بلند کرنی چاہیے۔ معاملہ اگر غیر مسلموں کا ہو تو فوری نوٹس لے کر کارروائی کی جاتی ہے مگر اگر کہیں مسلمانوں پر ظلم ڈھایا جاتا ہے تو اس کے خلاف آواز نہیں اٹھائی جاتی جو کھلی منافقت ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو بے دردی سے قتل کرنا، ان کے مکانات کو نذر آتش کرنا اورعید تک کی نماز ادا نہ کرنے دینا سفاکیت اور دہشت گردی کی انتہا ہے، امریکا اور مغربی ممالک مسلمانوں پر تو دہشت گردی کا الزام عائد کرتے ہیں مگر انہیں برما کی حکومت کی یہ دہشت گردی نظرنہیں آتی۔ انہوں نے کہا کہ برما کے مسلمان ہمارے بھائی ہیں اور ہم کسی بھی قیمت پر انہیں تنہا نہیں چھوڑیں گے اور ہر سطح پر اس ظلم کے خلاف آواز بلند کی جائے گی۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ برما کے مسلمانوں کی نسل کشی کے خلاف سرکاری سطح پر برما کی حکومت سے احتجاج کرے۔
خبر کا کوڈ : 208490
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش