0
Thursday 1 Nov 2012 19:16

عالمی برادری برما میں مسلمانوں کی نسل کشی کا فوری نوٹس لے، سید منور حسن

عالمی برادری برما میں مسلمانوں کی نسل کشی کا فوری نوٹس لے، سید منور حسن
اسلام ٹائمز۔ روہنگیا سالیڈریٹی آرگنائزیشن کے نمائندہ وفد نے ذبیح اللہ قریشی اور مامون الرشید کی قیادت میں دفتر جماعت اسلامی کراچی ادارہ نور حق میں امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن سے ملاقات کی اور برما میں ایک بار پھر مسلمانوں کی نسل کشی کے حوالے سے پیدا ہونے والی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کراچی کے امیر محمد حسین محنتی، جنرل سیکرٹری نسیم صدیقی، نائب امیر برجیس احمد، سیکرٹری اطلاعات زاہد عسکری اور دیگر بھی موجود تھے جبکہ وفد میں رشیداللہ، محمد سلیم اراکانی، نور حسین اراکانی، نورالحق ارکانی، عبیدالرحمن اور دیگر بھی شامل تھے۔ وفد نے سید منور حسن کو بتایا کہ برما میں ایک بار پھر بڑے پیمانے پر مسلمانوں کے قتل عام کا سلسلہ شرو ع کردیا گیا ہے، مکانات نذر آتش کیے جارہے ہیں اور مسلمانوں کو ہجرت پر مجبور کیا جارہا ہے، وہاں کے مسلمانوں کو نا ہی سنت ابراہیمی ادا کرنے دی گئی اور نہ ہی عیدالاضحی کی نماز پڑھنے دی گئی جبکہ بنگلہ دیشی حکومت نے بھی برما کے مسلمانوں کو داخل ہونے سے روکنے کیلئے اپنی سرحدیں سیل کردی ہیں۔

ملاقات کے موقع پر طے کیا گیا کہ برما کے مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کو آشکار کرنے کیلئے پیر 5 نومبر کو کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کی جائے گی جس سے جماعت اسلامی کراچی کے امیر محمد حسین محنتی اور دیگر برمی رہنما خطاب کریں گے۔ سید منور حسن نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ برما کے مسلمانوں سے ہمارا ایمان کا رشتہ ہے، ہم اپنے بھائیوں کو تنہا اور بے یار و مددگار نہیں چھوڑ سکتے اور مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف ہر فورم پر آواز بلند کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ برما کے مسئلے پر عالمی برادری نے دوہرے معیار کا ثبوت دیا ہے، اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیموں نے خاموشی اختیار کرکے جانبداری کا مظاہرہ کیا ہے۔ برما میں جاری قتل و غارت گری قابل مذمت ہے، عالمی برادری برما میں مسلمانوں کی نسل کشی کا نوٹس لے۔
خبر کا کوڈ : 208295
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش