0
Sunday 4 Nov 2012 15:01

اسکردو میں محرم الحرام کی مناسبت سے اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا گیا

اسکردو میں محرم الحرام کی مناسبت سے اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا گیا
اسلام ٹائمز۔ محرم الحرام کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر اسکردو راجہ فضل خالق کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں تمام متعلقہ محکموں کے سربراہوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں ضلع بھر میں محرام الحرام کے دوران امن و امان کی صورت حال برقرار رکھنے اور دیگر اقدامات کے بارے میں فیصلے کئے گئے۔ اجلاس میں ضلع بھر کے تمام داخلی و خارجی راستوں کی مکمل نگرانی، ہوٹلوں میں قیام پذیر غیر مقامی افراد کے کوائف جمع کرنے اور امام بارگاہوں و مسجدوں میں مکمل سیکیورٹی مہیا کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ پولیس کے ساتھ ساتھ العباس اسکاؤٹس اور دوسرے رضا کار امن و امان برقرار رکھنے اور لوگوں کو سہولتیں بہم پہنچائیں گے۔

محکمہ برقیات اسکردو ایام محرم میں مسلسل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنائے گی۔ محکمہ بلدیہ اسکردو محرم کے جلوسوں کے تمام راستوں کی صفائی یقینی بنائے گا۔ محکمہ صحت اسکردو ضلع بھر میں مجالس کی جگہوں اور جلوسوں میں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف تعینات کرے گا اور کسی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لئے مکمل تیار رہے گا۔ محکمہ خوراک اسکردو کو مجالس میں نیاز وغیرہ کیلئے آٹا کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی گئی ہیں۔ ضلعی انتظامیہ اسکردو نے ایک کنٹرول روم بھی قائم کیا ہے جو 24 گھنٹے کھلا رہے گا اور ڈپٹی کمشنر اسکردو اور ایس پی اسکردو دوران محرم براہ راست تمام امور کی نگرانی کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 208863
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش