0
Tuesday 6 Nov 2012 19:21

آغا آفتاب حیدر جعفری کے قتل میں امریکہ ملوث ہے، مجلس وحدت مسلمین پنجاب

آغا آفتاب حیدر جعفری کے قتل میں امریکہ ملوث ہے، مجلس وحدت مسلمین پنجاب
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے رہنما علامہ احمد اقبال رضوی اور افسر رضا خان نے لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک طویل عرصے سے شہر کراچی میں کالعدم اور تکفیری دہشتگرد گروہوں نے شیعہ عمائدین کی ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے، جس کے نتیجے میں اب تک سینکڑوں شیعہ نوجوان اور رہنما شہید ہوچکے ہیں اور اسی سلسلہ کی ایک کڑی کراچی کے علاقے لائنز ایریا میں معروف شیعہ رہنماء اور ذاکر اہلبیت (ع) علامہ آغا آفتاب حیدر جعفری کو تکفیری دہشت گردوں نے اپنی دہشت گردی کا نشانہ بناتے ہوئے شہید کر دیا، اب تک لائینز ایریا میں 7 شیعہ رہنماؤں کو ٹارگٹ کلنگ میں شہید کیا جا چکا ہے، جبکہ کسی ایک کے قاتل بھی گرفتار نہیں کئے گئے جو کہ حکومت سندھ کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج شہر کراچی میں معروف ذاکر اہلبیت اور مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے رہنما آغا آفتاب حیدر جعفری کی شہادت سے ایک بات واضح ہوگئی ہے کہ ملک بھر میں عملاً حکومت کی رٹ ختم ہوچکی ہے اور کالعدم تکفیری دہشت گرد گروہوں کی اجارہ داری قائم ہے، قانون نافذ کرنے والے ادارے، حکومت اور حساس ادارے دہشت گردوں کے سامنے بے بس دکھائی دے رہے ہیں جو کہ انتہائی خطرناک بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر کے گوش و کنار میں ریاستی سرپرستی میں پروان چڑھنے والے دہشت گردوں اور تکفیری گروہوں کی دہشت گردی سے اب افواج پاکستان اور حکمران بھی محفوظ نہیں۔

رہنماؤں نے کہا کہ آج پاکستان میں کوئی بھی شخص حتٰی کہ معصوم بچے بھی ان تکفیری دہشت گردوں کی دہشت گردانہ کارروائیوں سے محفوظ نہیں رہے، ملت جعفریہ کی نسل کشی میں ملوث دہشت گردوں کے ہاتھوں اب بریلوی مسلمانوں سمیت ملک میں بسنے والی اقلیتیں بھی محفوظ نہیں رہی، معروف شیعہ رہنما اور ذاکر اہل بیت علامہ آغا آفتاب حیدر جعفری کو امریکی ایجنٹ اور تکفیری دہشت گردوں نے آج کراچی میں علی الصبح شہید کرکے اس بات کا ثبوت دیا ہے کہ کراچی میں عملاً تکفیری اور امریکی نواز دہشت گردوں کا کنٹرول ہے، جبکہ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ان دہشت گردوں کو لگام دینے میں ناکام ہوچکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملت جعفریہ کو تحفظ دینے میں ناکام ہو چکے ہیں تو ملت جعفریہ کو لائسنسس دئیے جائیں، تاکہ آئین پاکستان کی روشنی میں ملت کا ہر فرد سیلف ڈیفنس (شخصی دفاع ) کرے اور تکفیری دہشت گردوں کے ارادوں کو ناکام بنایا جائے، محرم الحرام کی آمد سے قبل پاکستان کے معروف ذاکر اہل بیت علامہ آفتاب حیدر جعفری کا قتل ریاستی اداروں، پولیس، رینجرز اور حساس اداروں کی فعالیت کا منہ بولتا ثبوت ہے، پولیس اور رینجرز جہاں شہر بھر میں امن و امان قائم کرنے میں ناکام ہوچکے ہیں، وہاں تکفیری دہشت گردوں کو گرفتار کرنے میں بھی بری طرح ناکام ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج شہر کراچی میں امریکی زر خرید غلاموں نے آغا آفتاب حیدر جعفری کو شہید کر کے امریکہ مخالف مضبوط آواز کو دبانے کی کوشش کی ہے، آغا آفتاب جعفری مظلوموں کے حامی تھے اور امریکہ مخالف صف اول کے سپاہی ہونے کے ساتھ ساتھ اتحاد بین المسلمین کے داعی تھے، آغا آفتاب کا وجود امریکہ اور امریکی ایجنٹوں کے لئے ناگوار تھا۔ لہذٰا آج امریکی زرخرید غلاموں اور تکفیری دہشت گردوں نے آغا آفتاب حیدر جعفری کو شہید کرکے جس نا ختم ہونے والی امریکہ مخالف آواز کو دبانے کی کوشش کی ہے، وہ امریکہ مخالف آواز ملک کے گوش و کنار سے سنائی دیتی رہے گی اور شہید آغا آفتاب حیدر جعفری کے خون کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔

رہنماؤں نے کہا کہ تکفیری دہشتگردوں کی دہشتگردی کی وجہ سے آج پاکستان کے عوام ایک انسان دوست اور محب وطن پاکستانی اور ذکر اہل بیت کرنیوالے ایک عظیم انسان سے محروم ہوگئی ہے، علامہ آفتاب جعفری کا قتل پاکستان کیلئے ایک عظیم نقصان ہے، جس کا خلا کبھی پورا نہیں ہوسکتا، شہید آغا آفتاب جعفری کی خدمات پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس قتل کا ذمہ دار کراچی میں موجود امریکی قونصل جنرل اور اس کے زرخرید تکفیری دہشت گردوں کو سمجھتے ہیں اور حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ آغا آفتاب حیدر جعفری کے قتل کا مقدمہ امریکی قونصل جنرل کے خلاف قائم کرکے اسے ملک بدر کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ آغا آفتاب حیدر جعفری کے قتل کی تحقیقات کیلئے اعلٰی سطحی کمیٹی تشکیل دے کر دہشت گردوں کے چہرے بے نقاب کئے جائیں اور کیفر کردار تک پہنچایا جائے، ہم حکومت کو 72 گھنٹوں کی مہلت (الٹی میٹم) دیتے ہیں کہ وہ شہید آغا آفتاب حیدر جعفری کے قاتلوں کو بے نقاب کرے، بصورت دیگر ملک گیر احتجاج کا نہ ختم ہونے والا سلسلہ شروع ہوگا، جس کے بعد حالات کی سنگینی کی تمام تر ذمہ داری حکومت وقت پر عائد ہوگی۔ ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ فوری طور پر ملک بھر اور بالخصوص کراچی میں کالعدم دہشت گرد گروہوں اور تکفیری دہشت گرد گروہوں کے خلاف آپریشن کیا جائے۔

رہنماؤں نے کہا کہ ہم سپریم کورٹ کراچی رجسٹری سے اپیل کرتے ہیں کہ سانحہ عاشورا کراچی، سانحہ اربعین کراچی، سانحہ القدس ریلی، سانحہ مسجد حیدری، سانحہ علی رضا، 80 سے زائد شیعہ ڈاکٹروں کی ٹارگٹ کلنگ، 3000 سے زائد شیعہ عمائدین کی ٹارگٹ کلنگ سمیت دیگر سانحات میں قتل ہونے والے معصوم اور بے گناہ انسانوں کے قاتلوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے آج کراچی میں شہید کئے گئے معروف ذاکر اہل بیت علامہ آغا آفتاب حیدر جعفری کے قتل کا ازخود نوٹس لے اور دہشت گردوں کے چہروں کو بے نقاب کرنے میں اپنا کردار ادا کرے۔
خبر کا کوڈ : 209715
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش