0
Thursday 8 Nov 2012 10:25

پاکستان پیپلز پارٹی کشمیر کاز کیساتھ مخلص ہے، مسئلہ اجاگر کرتے رہیں گے، منظور وٹو

پاکستان پیپلز پارٹی کشمیر کاز کیساتھ مخلص ہے، مسئلہ اجاگر کرتے رہیں گے، منظور وٹو
اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان میاں منظور احمد وٹو نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کشمیر کاز کیساتھ مخلص ہے، حکومت ہر سطح پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرتی رہے گی۔ یہ بات انہوں نے آزاد جموں و کشمیر کونسل کے منتخب ارکان کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں ارکان کشمیر کونسل چوہدری محمد محبوب، سردار نعیم خان، رفاقت اعوان، راجہ علی ذوالقرنین اور سردار صغیر خان چغتائی کے علاوہ سیکرٹری اُمور کشمیر اور جائنٹ سیکریٹری نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں شہدائے جموں کے ایصال ثواب، کشمیر کی آزادی اور تکمیل پاکستان کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔ تمام ارکانِ کونسل نے مشترکہ طور پر ڈوگرہ راج کی شہدائے جموں پر ہونے والے ظلم اور بربریت کے خلاف مذمتی قرارداد منظور کی اور اس بات کا اعادہ کیا کہ کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی روشنی میں حقِ خودارادیت دیا جائے۔ 

اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے منظور احمد وٹو نے کہا کہ کشمیریوں کی ایک لاکھ سے زائد جانوں کی قربانی رائیگاں نہیں جا سکتی اور انشاءاللہ وہ وقت جلد آئے گا جب کشمیری عوام اپنے حقِ خودارادیت کا استعمال کرتے ہوئے پاکستان کے ساتھ شامل ہو جائیں گے اور یوں تکمیل پاکستان ہو گی۔ انھوں نے کہا ہے کہ چھ نومبر کے روز شہید ہونے والے کشمیریوں کا خون پاکستانیوں پر قرض ہے۔ الحاق پاکستان کے لیے لاکھوں کشمیریوں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے جس کو ہم نہیں بھلا سکتے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوئوں، سکھوں اور ڈوگرہ فوج نے ریاست جموں و کشمیر میں مسلمانوں کی اکثریت ختم کرنے کے لیے تین لاکھ کشمیریوں کو نومبر کے پہلے ہفتہ میں تہہ و تیخ کر دیا تھا۔ 

وفاقی وزیر نے کہا کہ مسئلہ کشمیر ایک اہم سنجیدہ مسئلہ ہے یہ سرحدی زمینی تنازعہ نہیں ہے بلکہ ایک کروڑ پندرہ لاکھ کشمیریوں کا مسئلہ ہے جو پچھلے 65 سال سے جدوجہد کر رہے ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں شورش نہیں ہے کشمیری اپنے حق خودارادیت کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں جس کو اقوام متحدہ نے تسلیم کیا ہوا ہے اس لیے اس جدوجہد کو دہشتگردی نہیں کہا جا سکتا۔ مسئلہ کشمیر بھارت کااندرونی مسئلہ نہیں ہے بھارت کی دوسری ریاستوں سے یہ مختلف ہے کیونکہ دوسری ریاستیں جہاں شورش ہو رہی ہے بھارت کا حصہ ہیں مگر ریاست جموں کشمیر بھارت کا حصہ نہیں ہے یہ متنازعہ علاقہ ہے جس کافیصلہ ہونا ابھی باقی ہے اس لئے حق خودارادیت کیلئے کشمیریوں کی جدوجہد جائز ہے۔
خبر کا کوڈ : 210152
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش