0
Friday 9 Nov 2012 20:39

اصغر خان کیس میں سپریم کورٹ کا تفصیلی فیصلہ خوش آئند ہے، شیعہ علماء کونسل

اصغر خان کیس میں سپریم کورٹ کا تفصیلی فیصلہ خوش آئند ہے، شیعہ علماء کونسل
اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سینئر نائب صدر سید وزارت حسین نقوی ایڈووکیٹ (گولڈ میڈلسٹ تحریک پاکستان) اور مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے سپریم کورٹ آف پاکستان کا فیصلہ مستحسن ہے، فیصلے سے ثابت ہوگیا کہ ماضی میں ملک میں شفاف انتخابات میں روڑے اٹکائے جاتے رہے اور صحیح عوامی نمائندوں کو حق حکمرانی سے محروم کیا جاتا رہا، سپریم کورٹ کے فیصلے سے ملک میں جمہوری استحکام آئیگا، ملک میں شفاف انتخابات کیلئے سپریم کورٹ اور الیکشن کمیشن آف پاکستان اپنا موثر کردار ادا کریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اصغر خان کیس میں تفصیلی فیصلے بعد اپنے ردعمل میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ تاریخی حقائق کو جاننے اور اچھے انداز میں پیش کرنے کی ضرورت ہے۔ سپریم کورٹ آف پاکستان سے اصغر خان کیس کے فیصلے میں حقیقت یہ ہے کہ اس سازش کا شکار پیپلزڈیموکریٹک الائنس (پی ڈی اے ) تھا جس میں پیپلزپارٹی، تحریک استقلال، تحریک جعفریہ اور مسلم لیگ (قاسم گروپ) شامل تھیں چونکہ اس وقت یہ اتحاد بااثر اور عوام میں مقبول تھا اور اس اتحاد کی مقبولیت سے خائف ہوکر اور اسے اقتدار سے باہر رکھنے کیلئے من پسند سیاستدانوں میں بھاری رقوم تقسیم کی گئیں۔

اپنے مشترکہ بیان میں ان رہنماؤں نے مزید کہا کہ عدالت عظمیٰ کے اس فیصلے سے ثابت ہوگیا کہ اب تک جتنے بھی انتخابات ہوئے چونکہ آزاد اور خود مختار الیکشن کمیشن کے بغیر ان کا انعقاد کیا گیا لہٰذا ان کی شفافیت اور غیر جانبداری بھی مشکوک ہے اور ان انتخابات میں بھی جانبداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے من پسند افراد کو نوازنے کی کوششیں ہوئیں اور ایک سازش کے تحت عوام کے منتخب نمائندوں کو ایوان اقتدار سے باہر رکھا گیا۔

ان رہنماؤں نے مزید کہا کہ ہم سپریم کورٹ آف پاکستان کے فیصلے کو مستحسن قرار دیتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ سپریم کورٹ آف پاکستان اور الیکشن کمیشن آف پاکستان اس سلسلے میں اپنا موثر کردار ادا کریں تاکہ مستقبل میں صحیح عوامی نمائندوں کا چناؤ ممکن ہو اور ملک میں حقیقی جمہوریت مستحکم ہوسکے اور ملک ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہوسکے۔
خبر کا کوڈ : 210535
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش