0
Tuesday 13 Nov 2012 22:20

کراچی، محرم الحرام میں دہشتگردی کا منصوبہ ناکام، کالعدم تنظیم کے 4 مبینہ دہشتگرد گرفتار

کراچی، محرم الحرام میں دہشتگردی کا منصوبہ ناکام، کالعدم تنظیم کے 4 مبینہ دہشتگرد گرفتار
اسلام ٹائمز۔ کراچی میں سی آئی ڈی پولیس نے کالعدم تنظیم کے چار مبینہ دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ ملزمان محرم الحرام میں دھماکے کرکے فرقہ وارانہ فسادات کی سازش کر رہے تھے۔ دیگر کارروائیوں میں رینجرز اور پولیس نے ٹارگٹڈ آپریشن کرکے درجنوں افراد کو گرفتار کرلیا۔ کراچی میں قتل و غارت گری کا بازار گرم ہونے کے بعد بالآخر قانون نافذ کرنے والے ادارے حرکت میں آگئے۔ ایس ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم کے مطابق کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے چار مبینہ دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان محرم الحرام میں دھماکے کرکے فرقہ وارانہ فسادات کی سازش کر رہے تھے۔

چوہدری اسلم نے بتایا کہ ملزمان نے وزیرستان میں دہشتگردی کی تربیت حاصل کی اور ان کا سرغنہ آصف چھوٹو وزیرستان میں ہے۔ ترجمان سندھ پولیس کے مطابق شہر سے اٹھاسی مقامات سے آٹھ مفرور ملزمان سمیت درجنوں مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ ڈالمیا کے علاقے شانتی نگر میں پولیس نے چھ مفرور ملزمان گرفتار کئے۔ جمشید ٹاؤن کے علاقے بلوچ پاڑہ سے چار مطلوب ملزمان سمیت پندرہ افراد کو گرفتار کیا گیا۔ سی آئی ڈی پولیس نے گرفتار ٹارگٹ کلر کی نشاندہی پر سپر ہائی وے پر دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کیا۔ رینجرز نے بھی کراچی کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرکے تئیس افراد کو حراست میں لیا۔ کورنگی کے علاقے بلال کالونی میں رینجرز سے مقابلے میں ایک ملزم زخمی ہوا۔ لیاقت آباد میں سندھی ہوٹل پر رینجرز نے چھاپہ مار کر مشکوک افراد کو حراست میں لیا۔ ڈبل سواری پرپابندی کی خلاف ورزی کے الزام میں بھی درجنوں افراد دھر لیے گئے۔
خبر کا کوڈ : 211630
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش