0
Friday 16 Nov 2012 00:13

امت کا اعلان ہے کہ کافر کافر کے نعرے لگانے والے ملت اسلامیہ کا حصہ نہیں ہیں، علامہ عارف واحدی

امت کا اعلان ہے کہ کافر کافر کے نعرے لگانے والے ملت اسلامیہ کا حصہ نہیں ہیں، علامہ عارف واحدی
اسلام ٹائمز۔ ٹیکسلا میں استقبال محرم الحرام کے پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے کہا ہے کہ 1995ء میں جب ملی یکجہتی کونسل بنی اس وقت اور اس سے پہلے بھی ہماری قیادت نے ہمیشہ وحدت امت کے لئے کردار ادا کیا اور دوبارہ ملی یکجہتی کونسل کے فعال ہونے میں ہمارا بہت بڑا کردار ہے، ہماری ان وحدت و اتحاد کی کاوشوں کا نتیجہ ہے کہ وحدت امت کانفرنس برگزار ہوئی جسمیں پوری دنیا کے سکالرز، علماء کرام اور زعمائے عالم اسلام تشریف لائے ہوئے تھے اور پاکستان سے بھی مفتیان کرام، بزرگ اور جید علمائے کرام جو تنظیموں سے اپنے آپ کو بالاتر سمجھتے ہیں جیسے مفتی رفیع عثمانی، مفتی تقی عثمانی اور مفتی منیب الرحمٰن وغیرہ۔

سیکرٹری جنرل شیعہ علماء کونسل نے کہا کہ سب جید علماء کرام نے اس بات پر زور دیا ہے کہ شیعہ سنی اختلاف کو بھول جائیں وہ ایک قصہ پارینہ ہو چکا ہے سب مسلمان ہیں ہم اور امت اسلامیہ کو ساتھ لیکر چلیں اور امت اسلامیہ کا اس انداز میں ملی یکجہتی کونسل کی آواز پر لبیک کہنا لائق تحسین اور اس حوالے سے ہم ملی یکجہتی کونسل کی قیادت کوخراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ قاضی حسین احمد صاحب کی مشقتیں، محنتیں اور کاوشیں جو وہ خلوص کے ساتھ کررہے ہیں اور ساتھ علامہ سید ساجد علی نقوی جو سینئر نائب صدر ہیں ملی یکجہتی کونسل کے، حافظ حسین احمد جو جنرل سیکرٹری اور باقی تمام افراد اور جماعتوں نے پر خلوص کوششیں کیں جو رنگ لائیں اور اتحاد امت کانفرنس کا کامیاب انعقا د ہوا۔

علامہ واحدی نے کہا کہ یہ کانفرنس نہ صرف وحدت امت کے لئے بلکہ پاکستان کے لئے بھی باعث فخر ہے، ملت پاکستان کے قابل فخر ہے۔ پہلے بھی ایسی کئی کانفرنسیں پاکستان میں ہوئیں ہیں لیکن وہ حکومتی سطح پر ہوئیں لیکن اس کانفرنس کی خاص بات یہ تھی کہ یہ علماء کی ذاتی کوششوں سے ہوئی۔ عرصہ دراز سے وطن عزیز میں منفی قسم کی سرگرمیاں جاری تھیں۔ جو کبھی شیعہ کو کافر قرار دیتے تھے، کبھی بریلوی کو کافر کہتے اور کسی دور میں مولانا مودودی کے بارے میں بھی یہ غلط زبان استعمال کی گئی، تمام مسالک کی سنجیدہ قیادت اس منفی سوچ پررنجیدہ تھی، عرصہ دراز سے کوشش تھی کہ امت مسلمہ ایک پلیٹ فارم پر اکٹھی ہوجائے۔ پوری دنیا کے علمائے کرام اس میں شریک ہوئے اگر کوئی نہیں تھا تو تکفیری گروپ اس میں نہیں تھا، یہ امت واحدہ کا واضح اعلان ہے کہ جو لوگ کافر کافر کے نعرے لگاتے ہیں وہ امت مسلمہ کا حصہ نہیں ہیں۔
خبر کا کوڈ : 212153
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش