0
Saturday 17 Nov 2012 17:11

شیعہ علماء کونسل نے ماہ محرم کے دوران سیکورٹی کے تمام اختیارات پاک فوج کو دینے کا مطالبہ کردیا

شیعہ علماء کونسل نے ماہ محرم کے دوران سیکورٹی کے تمام اختیارات پاک فوج کو دینے کا مطالبہ کردیا
اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل پاکستان کی مرکزی محرم الحرام کمیٹی نے ماہ محرم کے دوران سیکورٹی کے تمام اختیارات پاک فوج کو دینے کا مطالبہ کیا ہے کیونکہ پاک آرمی ہی ایک ایسا ذریعہ ہے جو امن کے مقاصد اور اہداف کو کامیاب سے حاصل کرسکتی ہے۔ نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سینئر نائب صدر اور مرکزی محرم الحرام کمیٹی کے سربراہ سید وزارت حسین نقوی ایڈووکیٹ اور دیگر رہنماؤں علامہ مشتاق ہمدانی، سید محمود بخاری اور زاہد علی اخونزادہ نے کہا کہ وطن عزیز پاکستان میں ایک عرصے سے دہشت گردی، ڈاکہ زنی، ٹارگٹ کلنگ اور ظلم و بربریت کے واقعات نے پاکستانی معاشرے کو خونی بنا کر ایک ہولناک فضا قائم کی ہوئی ہے جس سے کوئی مسجد، امام بارگاہ، نجی و سرکای املاک، پبلک مقامات، بزرگان دین کے مزارات خون کی رنگینی سے محفو ظ نہیں۔ وزیر آباد، قصور، لاہور اور گجرات سے گرفتار کئے جانے والے دہشت گردوں کے بیانات اور ان سے برآمد ہونے والے مہلک ہتھیار دہشت گردی کے ممکنہ خدشات کو مزید تقویت دیتے ہیں۔

سید وزارت حسین نقوی ایڈووکیٹ نے صحافیوں کو بتایا کہ مرکزی محرم الحرام کمیٹی کے اجلاس میں موجود حالات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، اجلاس میں سول آرمڈ فورسز، پولیس، رینجرز، ایف سی اور ان سے وابستہ تمام اداروں کی محدود وسائل کے مطابق تمام کوششوں اور کاوشوں کو سراہا گیا لیکن سول آرمڈ فورسز کی تمام کوششوں کے باوجود دہشتگردی تھمنے کا نام نہیں لے رہی اور یہ عمل تسلسل سے جاری ہے۔ مرکزی کمیٹی کی میٹنگ میں آئین پاکستان کے آرٹیکل 232 اور آرٹیکل 245 بھی زیر بحث آئے۔ ایک طویل بحث کے بعد متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ موجودہ مخدوش حالات میں امن و امان قائم کرنے کیلئے پاک آرمی کی خدمات حاصل کی جائیں کیونکہ پاک آرمی ہی ایک ایسا ذریعہ ہے جو امن کے مقاصد اور اہداف کو کامیابی سے قائم کرسکتی ہے۔ ہم وفاقی حکومت، خصوصاً صدر پاکستان جناب آصف علی زرداری صاحب سے مطالبہ کرتے ہیں کہ محدود عرصہ ماہ محرم میں پاک آرمی کو عملی طور پر یہ کام سپرد کیا جائے۔ یہی موجودہ حالات کا واحد حل ہے۔ سول آرمڈ فورسز پاک آرمی کے مرتب کردہ سیکورٹی پلان کے تحت کام کریں اور کلی طور پر کمان پاک فوج کو حاصل ہو اگر ایسا نہ کیا گیا تو دہشت گردی کو روکنا کسی صورت ممکن نہیں۔ وفاقی حکومت مرکزی محرم کمیٹی کے فیصلہ کے مطابق، پاک آرمی کی خدمات فوری طور پر حاصل کرے کیونکہ عشرہ محرم الحرام شروع ہوچکا ہے۔ اس میں تاخیر ملک و ملت کیلئے خطرناک ہے۔

سید وزارت نقوی نے مزید کہا کہ مرکزی محرم کمیٹی نے حکومت سندھ کے اس فیصلہ کی بھی مذمت کی ہے جس میں قائد ملت جعفریہ علامہ سید ساجد علی نقوی پر صوبہ سندھ میں داخلہ پر پابندی عائد کی گئی ہے ماضی و حال میں قائد ملت جعفریہ نے کبھی بھی اپنی کسی تقریر یا تحریر کے ذریعہ فرقہ واریت کی بات نہیں کی بلکہ ہمیشہ تمام مکاتب فکر کو محبت، اخوت اور بھائی چارہ کا پیغام دیا۔ اتحاد بین المسلمین ہمیشہ ان کا حدف رہا۔ ملی یکجہتی کونسل اور متحدہ مجلس عمل اس کا واضح ثبوت ہے اورارض وطن میں ہم اتحاد و حدت کی واضح علامت ہیں۔ ان حالات میں مرکزی محرم کمیٹی حکومت سندھ سے پر زور مطالبہ کرتی ہے کہ اس پابندی کو فوری طور پر ختم کیا جائے۔

خبر کا کوڈ : 212680
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش