0
Wednesday 21 Nov 2012 14:01

ملتان، قاضی حسین احمد کے قافلے پر خودکش حملے کے خلاف جماعت اسلامی کی احتجاجی ریلی

ملتان، قاضی حسین احمد کے قافلے پر خودکش حملے کے خلاف جماعت اسلامی کی احتجاجی ریلی
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کے سابق امیر و ملی یکجہتی کونسل کے مرکزی صدر قاضی حسین احمد کے قافلے پر مہمند ایجنسی میں خودکش حملے کے خلاف جماعت اسلامی ملتان کے زیر اہتمام ایک احتجاجی ریلی نکالی گئی، جو بسم اللہ چوک پہنچ کر احتجاجی مظاہرہ کی صورت اختیار کرگئی، جس کی قیادت جماعت اسلامی کے سابق نائب امیر حافظ محمد ادریس، صوبائی نائب امیر چودھری عزیر لطیف، رائو ظفر اقبال، امیر ضلع میاں آصف محمود اخوانی، کسان بورڈ پاکستان کے مرکزی نائب صدر خورشید خان کانجو، میاں منیر احمد بودلہ، جمعیت اتحاد العلما پنجاب کے صدر مولانا عبدالرزاق، ڈاکٹر حفیظ انور، ڈاکٹر اشرف علی عتیق، عارف محمود سمرا نے کی۔ 

شرکائے ریلی نے جماعت اسلامی کے کلمہ پر مبنی پرچم اور بینرز اٹھا رکھے تھے، زبردست نعرے بازی کی گئی، احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے حافظ محمد ادریس نے کہا کہ قاضی حسین احمد کے قافلے پر قاتلانہ حملہ انہی قوتوں کی کارستانی ہے جو ملک کو عدم استحکام سے دوچار رکھنا چاہتی ہیں، وہ نہیں چاہتیں کہ ملک خصوصاً قبائلی علاقوں میں امن قائم ہو اور امت مسلمہ متحد ہو۔ مقررین نے کہا کہ یہ امت مسلمہ کو متحد کرنے کی کوششوں کو سبوتاژ کرنے کی سازش ہے،جماعت اسلامی کے قائدین و کارکنان نے اپنی زندگیوں کا سودا اپنے رب سے کر رکھا ہے، اس قسم کے حملے نہ پہلے ان کا راستہ روک سکے ہیں اور نہ ہی ان کے عزم کو متزلزل کر سکتے ہیں۔
 
انہوں نے کہا کہ کوئی مسلمان ایسی حرکت نہیں کر سکتا، امریکہ اسرائیل اور بھارت مل کر پاکستان میں بدامنی پھیلا کر اسے ٹکڑے ٹکڑے کرنا چاہتے ہیں، انہوں نے کہا کہ امریکہ کی غلامی سے نجات حاصل کئے بغیر ملک سے دہشت گردوں کا خاتمہ ممکن نہیں، امریکی، اسرائیلی اور بھارتی دہشت گرد و تخریب کار سر عام ملک میں دندناتے پھر رہے ہیں، عوام امریکی غلامی سے نجات، دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔
خبر کا کوڈ : 213884
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش