0
Friday 5 Mar 2010 09:34

پاکستان کو اپنی منڈیوں تک رسائی دینگے،یورپی یونین سفراء

پاکستان کو اپنی منڈیوں تک رسائی دینگے،یورپی یونین سفراء
پشاور:اسلام ٹائمز-روزنامہ جنگ کے مطابق یورپی یونین نے پاکستان کے عسکریت پسندی سے متاثرہ علاقوں کی فوری تعمیر نو میں مدد دینے کیلئے آئندہ دو روز میں 2کروڑ یورو فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے جبکہ پاکستان کی معیاری مصنوعات کو اپنی منڈیوں میں رسائی دینے سے اتفاق کیا ہے۔یہ بات یورپی یونین کے موجودہ صدر ملک اسپین کے سفیر گونزالو ماریہ سراویہ نے جمعرات کو یہاں گورنر ہاؤس میں وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کی زیر صدارت یورپی سفیروں کو دی جانے بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ ہم دنیا کو یہ دکھانے کیلئے پشاور آئے ہیں کہ یورپی یونین دہشتگردی کے خلاف لڑائی میں پاکستان کے ساتھ ہے اور ہماری موجودگی پاکستان کے ساتھ یورپی یونین کی یکجہتی کا اظہار ہے۔انہوں نے تعمیر نو کی مختصر اور طویل مدت کی حکمت عملی کے اہداف کو سراہتے ہوئے یقین دلایا کہ تمام یورپی ممالک پاکستان کے ساتھ ٹھوس بنیادوں پر طویل المدت تعلقات قائم کرنا چاہتے ہیں اور یہ تعلقات مختلف سطحوں پر اور مختلف شعبوں میں قائم کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ یورپی یونین پاکستان کی معیاری مصنوعات کو اپنی منڈیوں تک رسائی دینے کیلئے تیار ہے اور یقین دلایا کہ یورپی یونین کے تمام ممالک پاکستان کے ساتھ تجارت کو فروغ دیں گے۔انہوں نے بتایا کہ یورپی یونین نے عسکریت پسندی سے متاثرہ علاقوں کی فوری تعمیر نو کیلئے 20 ملین یورو کی جس امداد کا اعلان کیا تھا وہ دو روز میں پاکستان کو مل جائے گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے متاثرہ علاقوں میں عسکریت پسندی کے باعث پہنچنے والے نقصانات کے تخمینے اور تعمیر نو کے متعلق جو رپورٹس تیار کی ہیں اس سے فرینڈز آف پاکستان کو اس سال جون میں ہونے والے اجلاس میں پاکستان کے ساتھ اپنے تعاون کے تعین میں بھرپور مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ آئندہ ماہ برسلز میں پاکستان اور یورپی یونین کے سربراہ اجلاس میں متاثرہ علاقوں کی ترقی کیلئے مختصر مدتی حکمت عملی پر زیادہ توجہ دی جائے گی تاکہ لوگوں کو فوری ریلیف ملے۔
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اپنے برسلز کے حالیہ دورے کا حوالہ دیا اور کہا کہ یورپی یونین پاکستان کیلئے تعمیری اور مثبت جذبات رکھتی ہے۔انہوں نے یورپی سفیروں کو بتایا کہ اس وقت ہماری تمام تر توانائیاں دہشتگردی کے خاتمے اور متاثرہ علاقوں کی تعمیر نو پر مرکوز ہیں۔وزیر خارجہ نے کہا کہ 2010ء عسکریت پسندی سے متاثرہ علاقوں کے لوگوں کے دل و دماغ جیتنے کا سال ہے اور ایسا نہ ہو کہ اس میں دیر ہو جائے۔ وزیراعظم نے اس موقع پر اجلاس سے اپنے اختتامی کلمات میں کہا کہ مالاکنڈ کی تعمیر نو کے ساتھ ساتھ دیگر متاثرہ علاقوں کے آئی ڈی پیز ہمارے لئے چیلنج ہیں اور اس ضمن میں ہم یورپی یونین کے تعاون کا خیر مقدم کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 21394
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش