1
0
Tuesday 27 Nov 2012 19:12

عزاداروں نے ملک دشمن قوتوں کے عزائم کو اپنے پیروں تلے روند دیا ہے، مجلس وحدت مسلمین

عزاداروں نے ملک دشمن قوتوں کے عزائم کو اپنے پیروں تلے روند دیا ہے، مجلس وحدت مسلمین
اسلام ٹائمز۔ حسینیت (ع) ہر دور میں اسلام کی بقاء کی ضامن ہے، سنگین خطرات کے باوجود ملک بھر کے کروڑوں عزاداروں کی جلوسوں میں شرکت نے ملک اور اسلام دشمن قوتوں کے ناپاک عزائم کو اپنے پیروں تلے روند دیا ہے۔ عشرہ محرم الحرام میں وفاقی حکومت، سندھ حکومت، رینجرز، پولیس اور دیگر اداروں کی جانب سے کئے گئے اقدامات قابل ستائش ہیں۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ حسن ظفر نقوی، صوبہ سندھ کے سیکرٹری جنرل مولانا مختار امامی اور مجلس وحدت مسلمین کراچی کے سیکرٹری جنرل مولانا صادق رضا تقوی نے مشترکہ اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے کیا۔ 

مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے رہنماؤں نے کہا کہ عشرہ محرم الحرام کے دوران مجالس عزاء اور جلوس ہائے عزاداری کے لئے حفاظتی اقدامات میں اسکاؤٹس گروپوں کی خدمات کو بھی سراہا اور کہا کہ ملک بھر میں دہشت گردوں نے عزاداری امام حسین علیہ السلام کے خلاف ہزاروں سازشیں کیں، لیکن عزاداران امام حسین علیہ السلام نے دشمن کی سازشوں کو ناکام بناکر ثابت کر دیا کہ عزاداری سید الشہداء امام حسین علیہ السلام پر سب کچھ قربان کیا جا سکتا ہے، لیکن کسی قسم کا خوف اور سازشیں ہمیں منحرف نہیں کر سکتیں۔

رہنماؤں نے مزید کہا کہ حکومت کو چاہئیے کہ خاص ایام اور تہواروں کے موقع پر موبائل سروس بند کرنے کے بجائے دہشت گردوں کے خلاف عملی اقدامات کریں، اگرچہ موبائل سروس بند کرنے کے سبب ملک دشمن قوتوں اور پاکستان کو غیر مستحکم کرنے والے عناصر کی حوصلہ شکنی ہوئی ہے، تاہم ضرورت اس بات کی ہے دہشت گردوں کے خلاف مستقل بنیادوں پر عملی اقدامات کے ذریعے سختی سے نمٹا جائے۔ 

ان کا کہنا تھا کہ آج ملک میں کوئی بھی طبقہ دہشت گردوں سے بچا ہوا نہیں ہے، خواہ عزاداری کے اجتماعات ہوں یا میلادالنبی (ص) کے اجتماعات، بازار، ہسپتال، ڈاکٹرز، وکلاء، تاجر، صحافی، طلباء، بچے، سیکورٹی فورسز، پولیس، مساجد، اسکول، کالجز، یونیورسٹیز غرض ہر طبقہ دہشت گردوں کے نشانے پر ہے۔ لہذٰا ضرورت اس امر کی ہے کہ امریکی اور صیہونی ایماء پر دہشت گردی کرنیوالے ان دہشت گردوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔ رہنماؤں نے معروف صحافی اور ٹی وی اینکر حامد میر پر قاتلانہ حملے کی سازش کی شدید مذمت کی اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ جو عناصر بھی اس کارروائی میں ملوث ہیں، انہیں بے نقاب کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔
خبر کا کوڈ : 215706
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

United Arab Emirates
Al hamdulilaah e. Rab al alemeem Hussini jazba zindgi aur maot ss bala tar hey
منتخب
ہماری پیشکش