0
Wednesday 28 Nov 2012 21:41

صاحبزادہ فضل کریم کو عہدے سے ہٹانے والی جماعتیں فرضی ہیں،حاجی حنیف طیب

صاحبزادہ فضل کریم کو عہدے سے ہٹانے والی جماعتیں فرضی ہیں،حاجی حنیف طیب
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے سیکرٹری جنرل اور سابق وفاقی وزیر حاجی محمد حنیف طیب نے کہا ہے کہ سنی اتحاد کونسل میں شامل جماعتوں میں اختلافات کی خبریں کھوکھلی اور بے بنیاد ہیں۔ صاحبزادہ فضل کریم کو چیئرمین کے عہدے سے ہٹانے کی خبر جاری کرنے والے کسی ملی یکجہتی کونسل میں شامل ہو چکے ہیں اور ان کا سنی اتحاد کونسل سے کوئی تعلق نہیں۔ حنیف طیب نے بتایا کہ صاحبزادہ فضل کریم کو چیئرمین کے عہدے سے ہٹانے کی خبر میں جن دس جماعتوں کے نام شامل تھے ان میں سے پانچ جماعتیں سنی اتحاد کونسل میں شامل ہی نہیں اور وہ کاغذی اور فرضی تنظیمیں ہیں جبکہ باقی پانچ جماعتوں کے قائدین نے خبر سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے صاحبزادہ فضل کریم کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

حنیف طیب نے کہا کہ سنی اتحاد کونسل میں کوئی اختلاف نہیں، اگلے ہفتے سنی اتحاد کونسل کا سربراہی اور مرکزی شوریٰ کا اجلاس طلب کیا جا رہا ہے جس میں ثابت کریں گے کہ تمام مستند تنظیماتِ اہلسنّت اور اکابرین اہلسنّت سنی اتحاد کونسل کے ساتھ ہیں۔ شوریٰ کے اجلاس میں ملک گیر علماء و مشائخ کنونشن اور مینار پاکستان گراؤنڈ میں ملک گیر سنی کانفرنس کی تاریخ کا بھی فیصلہ کیا جائے گا۔ حاجی حنیف طیب نے کہا ہے کہ بعض اہلسنّت دشمن عناصر گمراہ کن خبریں پھیلا کر اہلسنّت کے دشمنوں کے ہاتھ مضبوط کر رہے ہیں۔

انہوں نے مزیدکہاکہ ہم ان جھوٹی خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہیں۔ حاجی حنیف طیب نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ق کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے لیے سنی اتحاد میں شامل تمام جماعتوں کو اعتماد میں لیا گیا تھا، اگلے مرحلے میں دوسری جماعتوں کے ساتھ بھی سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے لیے مذاکرات کریں گے تاکہ ہم اہل حق کے امیدواروں کو الیکشن میں کامیاب کروا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ شور مچانے والے نظام مصطفی کے نفاذ کی راہ میں خود بہت بڑی رکاؤٹ ہیں۔
خبر کا کوڈ : 216004
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش