0
Tuesday 27 Nov 2012 19:21

سنی اتحاد کونسل اور مسلم لیگ (ق) کا سیٹ ایڈجسٹمنٹ اور ملکر انتخابات لڑنیکا فیصلہ

سنی اتحاد کونسل اور مسلم لیگ (ق) کا سیٹ ایڈجسٹمنٹ اور ملکر انتخابات لڑنیکا فیصلہ
اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ (ق) اور سنی اتحاد کونسل نے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے تحت مل کر انتخابات لڑنے کا اعلان کر دیا۔ فیصل آباد میں مسلم لیگ (ق) کے رہنمائوں چوہدری شجاعت حسین اور چوہدری پرویز الٰہی نے سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ فضل کریم سے ملاقات کی اور ان سے آئندہ انتخابات میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر بات چیت کی۔ اس اہم ملاقات میں (ق) لیگ اور سنی اتحاد کونسل کے رہنمائوں نے آئندہ انتخابات مل کر لڑنے کا فیصلہ کیا۔ مسلم لیگ (ق) اور سنی اتحاد کونسل کے رہنمائوں نے میٹنگ کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔

مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ آج پاکستان کو جو مسائل درپیش ہیں، انھیں کوئی ایک پارٹی حل نہیں کر سکتی۔ پاکستان کی سربلندی کے لئے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ ملکی مسائل کے حل کے لئے ہم مذہبی جماعتوں کو ساتھ لے کر چلیں گے۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں نائب وزیراعظم اور مسلم لیگ (ق) کے رہنماء چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ آج ہم ایک لائحہ عمل کے تحت اکھٹے ہوئے ہیں۔ ہمارا اتحاد پاکستان کی خوشحالی کے لئے ہے، جو برقرار رہے گا۔ ہم ثابت کریں گے کہ اس اتحاد نے امن کے قیام کو ممکن بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ فضل کریم سے اقتدار کے لالچ سے ہٹ کر بات چیت کی ہے۔ 

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ ہم نے مسلم لیگ (ق) سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے تحت مل کر انتخابات لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سنی اتحاد اور (ق) لیگ آئندہ انتخابات میں مل کر حصہ لیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی ایجنڈے کے تحت پاکستان میں سازشیں کی جا رہی ہیں۔ قومی سلامتی کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ اندرونی اتحاد سے ہی ان سازشوں کو ناکام بنایا جاسکتا ہے۔
 
دیگر ذرائع کے مطابق ملاقات کے بعد چوہدری برادران کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ ہمارے دروازے سب کے لیے کھلے ہیں، سیٹ ایڈجسٹمنٹ کیلئے دیگر جماعتوں سے بھی بات ہوگی۔ اس موقع پر چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ وہ صاحبزادہ فضل کریم کی باتوں کی تائید کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئی پارٹی اکیلے ملک کے مسائل حل نہیں کر سکتی، مذہبی جماعتوں کے ساتھ مل کر آگے بڑھیں گے۔ اس موقع پر حاجی حنیف طیب نے کہا کہ مسلم لیگ ق اور سنی کونسل کا اتحاد نظام مصطفٰی کیلئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ ہونا چاہئے۔ نائب وزیراعظم چوہدری پرویز الہٰی نے کہا کہ ملاقات میں خدشات دور کئے ہیں، نظام مصطفٰی کو بحال کرنے کیلئے جمع ہو رہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 215710
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش