0
Friday 30 Nov 2012 15:03

عوام کو اپنی قسمت بدلنے کیلئے متوسط طبقہ کی قیادت کو آگے لانا ہوگا، ڈاکٹر فاروق ستار

عوام کو اپنی قسمت بدلنے کیلئے متوسط طبقہ کی قیادت کو آگے لانا ہوگا، ڈاکٹر فاروق ستار
اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر و وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانیز ڈاکٹر محمد فاروق ستار نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کا منشور ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی اور استحکام کا ضامن ہے، متحدہ قومی موومنٹ اپنے منشور کے ذریعے ملک میں تبدیلی لیکر آئیگی، ایم کیو ایم کا انتخابی منشور تکمیل کے آخری مراحل میں ہے اور یہ منشور ملک کے 18 کروڑ سے زائد محکوم و مظلوم عوام کی تقدیر بدلنے کا منشور ثابت ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے خورشید بیگم سیکریٹریٹ عزیز آباد میں سینٹرل ایگزیکٹو کونسل کے اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں رابطہ کمیٹی کی ڈپٹی کنوینر سینیٹر نسرین جلیل، اراکین رابطہ کمیٹی رضا ہارون، کنور نوید جمیل، سیف یار خان، افتخار اکبر رندھاوا، اشفاق منگی، سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے انچارج رؤف صدیقی، جوائنٹ انچارجز وسیم اختر، سرفراز نواز، خوش بخت شجاعت، غازی صلاح الدین، شمشاد جعفری، ہیر سوہو کے علاوہ ملک کے چاروں صوبوں سندھ، پنجاب، بلوچستان، خیبر پختونخواہ سمیت آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے اراکین نے شرکت کی۔

ڈاکٹر محمد فاروق ستار نے کہا کہ ایم کیو ایم واحد جماعت ہے جو دیگر تمام سیاسی و مذہبی پارٹیوں سے مختلف ہے اور مڈل کلاس طبقے کی نمائندگی کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم معاشرے کو تبدیل کرنے کیلئے تاریخی کردار ادا کر رہی ہے، الطاف حسین ملک کے واحد لیڈر ہیں جن کا تعلق مڈل کلاس سے ہے اور وہ کسی بھی عہدے کے کبھی خواہشمند نہیں رہے بلکہ انہوں نے متوسطہ طبقے سے نئی قیادت کو ہمیشہ آگے آنے کا موقع فراہم کیا اور ملک میں اس وقت انقلاب کی پہل کی جب سیاستداں انقلاب کی روح سے بھی واقف نہیں تھے۔ انہوں نے کہا کہ آج ملک کے 18 کروڑ عوام کو اپنی قسمت کا فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ متوسط طبقہ کی قیادت کو آگے لانا چاہتے ہیں یا ایک بار پھر موروثی سیاست کے چنگل میں پھنسنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے مظلوم عوام کا کردار اب بالکل آئینہ کی طرح صاف ہونا چاہیے کہ وہ قائداعظم محمد علی جناح ؒ کا پاکستان چاہتے ہیں نا کہ شدت پسندوں کا پاکستان؟ انہوں نے کہا کہ اس بار عام انتخابات میں ہمیں پاکستان کی جنگ لڑنی ہے اور اس جنگ میں ہم ہر قسم کی قربانی کا عزم رکھتے ہیں، اس وقت پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ امن و امان ہے جس نے پاکستان کی معیشت کو کھوکھلا کردیا ہے۔ قبل ازیں متحدہ قومی موومنٹ کی سینٹرل ایگزیکٹو کونسل کا ایک طویل اجلاس انچارج رؤف صدیقی کی صدرات میں منعقد ہوا جس میں ملک بھر سے آئے ہوئے سینٹرل ایگزیکٹو کونسل کے اراکین نے مجوزہ عام انتخابات کی حکمت عملی، پارٹی کے انتخابی منشور کے علاوہ تنظیمی سرگرمیوں کے حوالے سے غور و خوص کیا اور آراء پیش کی جسے باقاعدہ ترتیب دیکر ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کو پیش کیا جائیگا۔
خبر کا کوڈ : 216517
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش