0
Monday 3 Dec 2012 20:04

عدلیہ و فوج پر تنقیدکرنیوالے اینکرز امریکا بھارت اور اسرائیل کے پے رول پر ہیں، رحمت وردگ

عدلیہ و فوج پر تنقیدکرنیوالے اینکرز امریکا بھارت اور اسرائیل کے پے رول پر ہیں، رحمت وردگ
اسلام ٹائمز۔ تحریک استقلال کے مرکزی صدر رحمت خان وردگ نے کہا ہے کہ آزادی صحافت کے نام پر کچھ چینلز مسلسل عدلیہ اور مسلح افواج کے خلاف پروپیگنڈے میں مصروف ہیں اور یہ اینکرز پاکستان کی مسلح افواج کو بدنام کر رہے ہیں جس سے پاکستان کی دنیا بھر میں رسوائی ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا مالکان کو اس سلسلے میں کچھ اقدامات کرنا ہوں گے۔ یہ بات انہوں نے چیئرمین کراچی سٹی عبدالرشید ایڈووکیٹ سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ جب کبھی امریکی مفاد میں کوئی اقدام ہونے جارہا ہوتا ہے تو چند نام نہاد دانشور اور خود کو سینئر صحافی کہلانے والے منظم پروپیگنڈہ شروع کردیتے ہیں اور ہمیشہ امریکی مفاد میں کام کرتے ہوئے پاکستان کو نقصان پہنچانے کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتے۔ انہوں نے کہا کہ جب روس نے افغانستان پر حملے کی حماقت کی تو یہی نام نہاد سینئر صحافی قوم کو کہنے لگے کہ روس کا اصل ہدف گرم پانیوں تک رسائی ہے اور یہ دراصل پاکستان کی جنگ ہوگی اس لئے قوم نے ان کے منظم پروپیگنڈے پر یہ سمجھ کر آؤ دیکھا نہ تاؤ اور افغان جنگ کی دلدل میں چھلانگ لگادی جس کے نتائج آج تک ہم بھگت رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ عدلیہ اور مسلح افواج پر تنقید کرنے والے امریکہ، بھارت اور اسرائیل کی پے رول پر ہیں اور وہ انہی ممالک سے لی گئی بھاری رقوم کو حلال بنانے کے لئے پاکستان کے اداروں کو دنیا بھرمیں بدنام کرنے کے ساتھ ساتھ اداروں کے درمیان تصادم چاہتے ہیں تاکہ ملک سے جمہوری نظام کا خاتمہ ہوسکے اور امریکہ ایک نئی سازش کرنے میں کامیاب ہوجائے۔

انہوں نے کہا کہ ان سنگین حالات میں اخبارات اور چینل مالکان کی ذمہ داری ہے کہ ان افراد کو لگام دینے کے لئے قوانین نافذ کریں اور پاکستان کی مسلح افواج کو بلاوجہ تنقید کا نشانہ بنانے والوں کامحاسبہ ہونا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ چند امریکی ایجنٹوں کی سازش میں خاموشی اختیار کرنا دراصل پاکستان سے غداری سمجھی جائیگی اور پوری قوم کو بیک زبان ہوکر ان امریکی ایجنٹوں کی سازشوں کو بے نقاب کرنا چاہئے۔
خبر کا کوڈ : 217566
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش