0
Friday 7 Dec 2012 00:30

الیکشن کمیشن اپنی ذمہ داریاں پوری کرے، اپوزیشن جماعتوں کی مشاورت سے نگران حکومت بنائی جائے، آصف محمود

الیکشن کمیشن اپنی ذمہ داریاں پوری کرے، اپوزیشن جماعتوں کی مشاورت سے نگران حکومت بنائی جائے، آصف محمود
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی ضلع ملتان میاں آصف محمود اخوانی نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی ہی ملک میں حقیقی تبدیلی لے کر آئے گی۔ کرپٹ، نااہل حکمران، مفاد پرست سیاستدان، جاگیردارٹولہ اور پارٹیاں بدلنے والے کوئی تبدیلی نہیں لے کر آسکتے۔ قوم اُن کے چہروں کو اچھی طرح پہچان چکی ہے، وہ ان کے کسی دلفریب نعروں میں نہیں آئیں گے۔ قرآن وسنت کا عادلانہ نظام ہی ملک کو بحرانوں اور مشکلات سے نکال کر ترقی وخوشحالی کی راہ پر گامزن کرسکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے ملتان میں اُمیدواران قومی وصوبائی اسمبلی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں حاجی خالد میئو، ڈاکٹر اشرف علی عتیق، ڈاکٹر حفیظ انور، چودھری ظفر اقبال، میاں منیر بودلہ، عارف محمود سمرا، چودھری محمد امین، اطہر عزیز ایڈووکیٹ سمیت دیگر رہنمائوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں اُمیدواران کی رابطہ عوام مہم کا جائزہ لیا گیا اور ہدایت کی گئی کہ ایک ایک فرد تک پہنچا جائے اور جماعت اسلامی کی دعوت اور منشور کو پہنچایا جائے۔ میاں آصف محمود اخوانی نے مزید کہا کہ تبدیلی کیلئے صاف وشفاف انتخابات کا انعقاد ضروری ہے، الیکشن کمیشن اپنی ذمہ داریاں پوری کرے، اپوزیشن جماعتوں کی مشاورت سے نگران حکومت بنائی جائے۔ 

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی بر سراقتدار آکر 6 ماہ کے اندر بجلی کا بحران حل کرے گی، ہر ایک کو انصاف ملے گا کسی کو استثناء حاصل نہیں ہوگا۔ غربت کا خاتمہ کرکے غریب کا معیار زندگی بلند کرے گی، مفت تعلیم اور صحت کی سہولیات ہر ایک کو حاصل ہونگی، کرپٹ حکمرانوں، جر نیلوں، سیاستدانوں اور بیورو کریٹس سے لوٹی ہوئی دولت کی ایک ایک پائی وصول کرکے قومی خزانے میں جمع کروائے گی۔ اجلاس میں کراچی میں ووٹرز کی گھر گھر جاکر تصدیق کرنے اور نئی حلقہ بندیوں کیلئے سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے الیکشن کمیشن اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر فوری عمل در آمد کروایا جائے۔ بھتہ خوروں اورٹارگٹ کلرز سے کراچی کو آزاد کروایا جائے۔
خبر کا کوڈ : 218684
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش