0
Sunday 9 Dec 2012 20:45
جماعت اسلامی نے خود کو این جی او میں تبدیل کرلیا ہے

بندوق کی نوک پر شریعت نافذ نہیں کرنا چاہتے، پارلیمنٹ مغرب کی رہنمائی میں قانون سازی کر رہی ہے، مولانا فضل الرحمن

بندوق کی نوک پر شریعت نافذ نہیں کرنا چاہتے، پارلیمنٹ مغرب کی رہنمائی میں قانون سازی کر رہی ہے، مولانا فضل الرحمن
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ آج ملک کی معیشت ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کی غلام ہے اور قوم کا بچہ بچہ مقروض ہے۔ پارلیمنٹ مغرب کی رہنمائی میں قانون سازی کر رہی ہے، جے یو آئی پارلیمنٹ میں موجود نہ ہوتی تو آج ملک کا آئین سیکولر ہوتا۔ مردان میں مولانا محمد احمد کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ جے یو آئی کی موجودگی میں حکومت پارلیمنٹ سے نہ کوئی اپنی مرضی کی قرارداد پاس کرسکی اور نہ ہی آئین کی اسلامی دفعات میں ردوبدل کرسکی۔ جے یو آئی نے پانچ سال تک پارلیمنٹ میں لادینی قوتوں کا تنہا مقابلہ کیا، باقی جماعتوں نے بائیکاٹ کیا تھا۔ پارلیمنٹ میں لڑائی تنہا جمعیت لڑتی ہے، ووٹ میں کسی کو کیسے شریک کریں۔ تاہم اصولوں کی بنیاد پر پھر بھی اتحاد کے لئے تیار ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ آنے والے الیکشن میں قوم خوشگوار تبدیلی محسوس کرے گی اور قوم کا مذاق اڑانے والوں کا سیاسی طور پر خاتمہ ہو جائے گا۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ آج خیبر پختونخوا اور ملک بھر میں بدامنی کی آگ لگی ہوئی ہے۔ ایک بین الاقوامی ایجنڈے کے تحت مدارس کے کردار کو ختم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ لیکن مدارس قائم رہیں گے، حکمران نہیں رہیں گے۔ پاکستان کی سرزمین پر جنگ طالبان اور مولویوں نے مسلط نہیں کی، یہ جنگ حکمران خود لائے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ملک میں بندوق کی نوک پر شریعت نافذ کرنا نہیں چاہتے، لیکن اگر بندوق کی نوک پر اسلام نافذ کرنا جرم ہے تو غیر شرعی قوانین نافذ کرنے والے سب سے بڑے مجرم ہیں۔ 

دیگر ذرائع کے مطابق جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ اگلے انتخابات میں بہتر تیاری کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔ شیر گڑھ مردان میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے جمیعت علمائے اسلام کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ امت مسلمہ ایک آزمائش سے گزر رہی ہے۔ اسلامی ممالک مشکل وقت میں اتحاد کا مظاہرہ کریں۔ ان کا کہنا ہے کہ جماعت اسلامی نے خود کو این جی او میں تبدیل کرلیا ہے۔ پارلیمنٹ میں آئین کی بالا دستی، اسلامی دفعات کی بحالی اور سیکولر دفعات کے خاتمے کے خلاف بات کی ہے۔ آئندہ کوئی مائی کا لال امریکہ زندہ باد کے نام پر سیاست نہیں کرے گا۔ انہوں نے عوامی نیشنل پارٹی کی پالیسیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ جلسہ سے حافظ حسین احمد اور دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔ جلسہ میں کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
خبر کا کوڈ : 219632
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش