0
Wednesday 12 Dec 2012 00:21

جمہوریت کے نام پر قوم کے ارمانوں سے کھیلا گیا، عوامی مشکلات کیوجہ پی پی حکومت ہے، چوہدری نثار علی

جمہوریت کے نام پر قوم کے ارمانوں سے کھیلا گیا، عوامی مشکلات کیوجہ پی پی حکومت ہے، چوہدری نثار علی
اسلام ٹائمز۔ 61 سالوں میں پاکستانی قوم کو ساڑھے چھ ہزار کھرب کا مقروض بنادیا گیا، حکومت کی کارکردگی مایوس کن رہی، عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں، بجلی، گیس اور پٹرول عوام کی دسترس سے باہر ہے، پیپلزپارٹی کا یوم حساب آنے والا ہے، لٹیروں کو معافی نہیں ملے گی، آئندہ آمدنی دفاعی اخراجات اور قرضوں کی ادائیگی پر خرچ ہو گی۔ ان خیالات کا اظہار قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چوہدری نثار علی خان نے ٹیکسلا میں مسلم لیگ (ن) کے رہنماء شیخ ساجد محمود کی والدہ کی وفات پر فاتحہ خوانی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سابق رکن پنجاب اسمبلی ملک حاجی عمر فاروق، ضلعی صدر سردار ممتاز خان، فیاض خان، ماما سلیم، ملک ظہیر نواز، ملک عمران، بابو احسان الحق، ماما مولوی یحییٰ، ملک عرفان الحق سمیت دیگر رہنماء بھی موجود تھے۔

چوہدری نثار علی خان نے شیخ ساجد محمود کی والدہ کی وفات پر ان سے گہرے دکھ اور ہمدردی کا اظہار کیا اور مرحومہ کی بلندی درجات کے لئے دعا کی۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ دور حکومت میں کرپشن کو فروغ دیا گیا۔ جمہوریت کے نام پر قوم کے ارمانوں سے کھیلا گیا، آج پاکستان کے عوام جن مشکلات کا شکار ہیں۔ اس کی بڑی وجہ پیپلز پارٹی کی موجودہ حکومت ہے۔ جس نے اقتدار کی ہوس میں قوم کے مسائل کو پس پشت ڈال دیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی کارکردگی ٹھیک ہوتی تو ضمنی انتخابات کے یہ نتائج نہ ہوتے۔ ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی شاندار کارکردگی عوام کا پیپلز پارٹی کی حکومت پر عدم اعتماد ہے، دھاندلی کے الزامات کا مقصد آئندہ انتخابات میں الیکشن کمیشن کے کردار کو مشکوک بنانا ہے حالانکہ الیکشن کمیشن مکمل غیر جانبدار ہ،ے حکومت ضمنی نتائج پر تنقید کی بجائے اپنا قبلہ درست کرے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت پاکستانی قوم پر ایک عذاب بن کر نازل ہوئی ہے۔ زرداری ٹولہ نے لوٹ مار کے سوا کچھ نہیں کیا، پیپلز پارٹی کے وزراء کرپشن کرتے رہے مگر عوام کے لئے کچھ نہ کیا۔ جتنی کرپشن موجودہ دور حکومت میں ہوئی ہے پاکستان کی تاریخ میں آج تک اتنی کرپشن نہیں ہوئی، اداروں کی تباہی کی ذمہ دار وفاق میں قائم پیپلز پارٹی کی حکومت ہے۔ چوہدری نثار علی خان نے کہا سونامی بیٹھ چکا ہے، عمران خان کے کھوکھلے نعرے (ن) لیگ کا کچھ نہیں بگاڑ سکتے۔ ضمنی انتخابات میں در پردہ حصہ لے کر انہوں نے اپنی حیثیت کا اندازہ کرلیا ہو گا۔ انہوں نے کہا مسلم لیگ (ن) پر عوام کا اعتماد پارٹی کی پالیسیوں کا مظہر ہے۔ پنجاب حکومت کی بہتر کارکردگی سے مسلم لیگ (ن) کو مزید عوامی حمایت حاصل ہوئی ہے۔
خبر کا کوڈ : 220394
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش