0
Monday 17 Dec 2012 21:47

دہشتگردی کے خاتمے کیلئے امریکی پالیسیوں سے انحراف کرنا ہوگا، قاضی حسین احمد

دہشتگردی کے خاتمے کیلئے امریکی پالیسیوں سے انحراف کرنا ہوگا، قاضی حسین احمد
اسلام ٹائمز۔ ملی یکجہتی پاکستان کے سربراہ اور جماعت اسلامی کے سابق امیر قاضی حسین احمد نے کہا ہے کہ حکومتی ادارے کے سربراہ اعتراف کر رہے ہیں کہ ملک میں روزانہ سات ارب سے بارہ ارب روپے کی کرپشن ہو رہی ہے۔ ملکی خزانے کو بے دردی سے لوٹا جارہا ہے۔ ڈرون حملوں اور آئے روز معصوم افراد قتل ہو رہے ہیں، جس کے ردعمل میں دہشت گردی اور بدامنی میں اضافہ ہو رہا ہے۔ دہشت گردی اور بدامنی کے خاتمے کے لیے امریکی پالیسیوں سے انحراف کرنا ہوگا۔ عوام کے پاس ووٹ مقدس امانت ہے۔ اگر آج عدل کے ساتھ اسے امانت دار افراد کے حوالے کیا تو کل عوام کو انصاف مل سکے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نوشہرہ کی تحصیل پبی کے علاقے گڑھی مومین اور چوکی ممریز میں عوامی اجتماعات سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کی مرکزی شوریٰ کے رکن آصف لقمان قاضی، رافت اللہ، انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد کے پروفیسر مصباح الرحمان یوسفی، مولانا سمیع الرحمان، افتخار احمد غنی، واجد علی اور سراج احمد نے بھی خطاب کیا۔

قاضی حسین احمد نے کہا کہ امریکہ ہمارے حکمرانوں کو ڈالروں کا لالچ دیکر خطے میں بدامنی پھیلا رہا ہے۔ امریکہ اور نیٹو کا مقابلہ دہشت گردوں سے نہیں مسلمانوں سے ہے، روزانہ ملک میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں درجنوں افراد لقمہ اجل بن رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت کی تباہی کی وجہ سے پاکستان سے تعلیم یافتہ، ہنرمند لوگ بیرون ملک بھاگ رہے ہیں اور سرمایہ کار اپنا سرمایہ بدامنی اور غیر یقینی صورتحال کی وجہ سے بیرون ملک منتقل کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مہمند ایجنسی اور وزیرستان سمیت قبائلی علاقوں میں کشت و خون کا بازار گرم ہے۔ ڈرون حملوں میں معصوم بچوں اور خواتین نشانہ بن رہی ہیں، جس کے ردعمل میں بدامنی میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔ جس کا حل ملک میں جاری امریکی پالیسیوں کا خاتمہ ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ عوام عدل کے ساتھ آئندہ انتخابات میں اپنے ووٹ کا استعمال کریں گے تو انہیں انصاف ملے گا اور عوام نیک، باکردار اور صالح قیادت کا انتخاب کریں۔ موجودہ حکمرانوں کو لانے میں ہمارے عوام بھی شامل ہیں، عوام نے ان کا جھنڈا بلند کرکے ان کو اپنے آپ پر مسلط کیا۔ جس کی سزا آج پوری قوم بھگت رہی ہے۔ علاوہ ازیں قاضی حسین احمد نے پاوکہ پشاور میں دہشت گردوں کے ساتھ مقابلے میں شہید ہونیوالے ایلیٹ فورس کے نوجوان سریر احمد کے والد سے تعزیت کی۔
خبر کا کوڈ : 222219
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش