0
Sunday 16 Dec 2012 23:05

فاٹا میں قیام امن، قبائل کا نمائندہ جرگہ کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہے، مولانا فضل الرحمان

فاٹا میں قیام امن، قبائل کا نمائندہ جرگہ کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہے، مولانا فضل الرحمان
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ قبائل کے سیاسی مستقبل کا فیصلہ نمائندہ جرگہ ہی کرے گا اور تمام قبائل اس کے فیصلوں کے پابند ہوں گے، فاٹا کے سیاسی مستقبل کا اختیار عوام کو حاصل ہے اور حکومت ان کی مرضی کے بغیر کسی قسم کا فیصلہ مسلط نہیں کرسکتی، امن کے قیام کیلئے تمام فریقوں کے درمیان خلاء کو ختم کرنا ہوگا، جس کیلئے جے یو آئی کا نمائندہ جرگہ کردار ادا کرے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جے یو آئی کے زیر اہتمام پشاور میں منعقدہ قبائلی جرگہ کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ قبائل کا یہ جرگہ تمام قبائل کا نمائندہ جرگہ کہلائے گا، قبائل کے سیاسی مستقبل کا فیصلہ قبائل کا یہ نمائندہ جرگہ ہی کرے گا اور تمام قبائل اس کے فیصلوں کے پابند ہوں گے۔
 
انہوں نے کہا کہ قبائل کا یہ بااختیار جرگہ تجویز کرتا ہے کہ فاٹا کے سیاسی مستقبل کا اختیار قبائلی عوام کا ہے اور حکومت ان کی مرضی حاصل کئے بغیر ان پر کسی قسم کا فیصلہ مسلط نہ کرے اور ایوان صدر، پارلیمنٹ یا صوبائی اسمبلی فاٹا سے متعلق کوئی فرمان قانون یا قرارداد صادر کرنے میں توقف کرے جب تک کہ قبائل کے اس نمائندہ جرگہ کو اعتماد میں نہ لیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ قبائل کے سیاسی مستقبل کے بارے میں فاٹا کے عوام اس وقت تک کوئی رائے نہیں دیں گے جب تک قبائل میں امن قائم کر کے اس کی سابق پوزیشن بحال نہ ہو۔ مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا کہ فاٹا میں قیام امن کے لئے قبائل کا نمائندہ جرگہ اپنا کردار ادا کرنے کے لئے تیار ہے، قیام امن کا موثر ذریعہ مذاکرات ہیں، جرگہ موجودہ صورتحال میں تمام فریقوں کو مذاکرات کی دعوت دیتا ہے۔
 
انہوں نے مزید کہا کہ یہ نمائندہ جرگہ حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ اپنی آئینی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کے لئے اپنی سرحدوں کی حفاظت کرتے ہوئے قبائلیوں پر ڈرون حملے بند کرائے اور فوجی آپریشنز کا سلسلہ ختم کیا جائے۔ قبائل کے لئے اپنے گھروں تک رسائی میں حائل تمام رکاوٹیں دور کی جائیں اور راستوں میں ان کی بے عزتی اور رسوائی کے لئے قائم پھاٹکوں کا خاتمہ کیا جائے تاکہ ان کی خود داری اور عزت نفس مجروح نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ قبائلی عوام کا جو جانی اور مالی نقصان ہوا ہے فی الفور اس کا ازالہ کر کے معاوضہ ادا کیا جائے۔ انہوں نے پشاور ائر پورٹ پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا۔
خبر کا کوڈ : 221935
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش