0
Friday 21 Dec 2012 10:10

مخدوم احمد محمود کو گورنر پنجاب بنانے کا فیصلہ، پیرپگارا نے مخدوم سے استعفٰی لے لیا ہے، امتیاز شیخ

مخدوم احمد محمود کو گورنر پنجاب بنانے کا فیصلہ، پیرپگارا نے مخدوم سے استعفٰی لے لیا ہے، امتیاز شیخ
اسلام ٹائمز۔ گورنر پنجاب لطیف کھوسہ کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ مخدوم احمد محمود کو نیا گورنر پنجاب لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق پیپلز پارٹی پنجاب میں اپنی حکمت عملی تبدیل کر رہی ہے۔ فیصلہ مخدوم احمد محمود کی صدر زرداری سے ملاقات میں کیا گیا۔ اس موقع پر سابق وزیراعظم گیلانی اور علی موسیٰ گیلانی بھی موجود تھے۔ مخدوم احمد محمود ہفتے کو اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔ وہ مسلم لیگ فنکشنل پنجاب کے صدر بھی ہیں۔ مخدوم احمد محمود پی پی حلقہ 292 رحیم یار خان سے رکن پنجاب اسمبلی ہیں۔ نجی ٹی وی کے مطابق گورنر تبدیلی کا فیصلہ پیپلز پارٹی اور فنکشنل میں معاملات طے پانے کے بعد کیا گیا۔ پیپلز پارٹی اور فنکشنل لیگ میں معاملات طے کرانے کے لئے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے اہم کردار ادا کیا۔ 

مخدوم احمد محمود نے پیر پگارا کو ٹیلی فون کیا اور پیپلز پارٹی کا پیغام پہنچایا۔ پیر پگارا نے مطالبہ کیا کہ گورنر شپ دینی ہے تو سندھ کی دیں۔ نجی ٹی وی سے گفتگو میں مخدوم احمد محمود نے کہا کہ فیصلے سے جنوبی پنجاب میں پیپلز پارٹی مضبوط ہو گی۔ اے پی اے کے مطابق فیصلے پر ق لیگ کو اعتماد میں نہیں لیا گیا۔ ادھر مخدوم احمد محمود کے آبائی علاقے میں ان کے گورنر بننے کی خبر پر جشن منایا گیا۔ صدر زرداری نے مخدوم احمد محمود کو گورنر پنجاب مقرر کرنے کی منظوری دے دی ہے تاہم گورنر پنجاب کے ترجمان نے کہا ہے کہ لطیف کھوسہ کو ہٹانے کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔ مخدوم احمد محمود جن کا تعلق رحیم یار خان سے ہے کو گورنر پنجاب بنانے کا فیصلہ یوسف رضا گیلانی کی کوششوں سے ہوا، جنہوں نے جمعرات کے روز پیر پگارو سے ملاقات کی اور صدر زرداری کا پیغام پہنچایا۔ 

ادھر مخدوم احمد محمود نے مسلم لیگ فنکشنل کی رکنیت سے استعفی دے دیا ہے جو پیر پگارا نے منظور کر لیا۔ گورنر سردار لطیف کھوسہ کی آج صدر زرداری سے ملاقات کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ دوسری جانب رہنما مسلم لیگ امتیاز شیخ کا کہنا ہے کہ پیرپگارا نے مخدوم احمد محمود سے فنکشنل لیگ کی رکنیت سے استعفٰی لے لیا ہے۔ امتیاز شیخ کا کہنا تھا کہ مخدوم احمد محمود کا گورنر بننا ان کا ذاتی فیصلہ ہے، مسلم لیگ فنکشنل اپنے اصولی موقف پر قائم ہے اور مخدوم احمد محمود کا فنکشنل لیگ سے کوئی تعلق نہیں رہا۔ انہوں نے کہا کہ آج پریس کانفرنس میں مسلم لیگ فنکشنل کے موقف سے آگاہ کیا جائے گا۔

دیگر ذرائع کے مطابق مسلم لیگ فنکشنل پنجاب کے صدر مخدوم احمد محمود نے مسلم لیگ فنکشنل سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ مسلم لیگ فنکشنل کے رہنما امتیاز شیخ نے میڈیا کو بتایا کہ مخدوم احمد محمود نے جمعرات شام مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ پیر پگارا سے ملاقات کی تھی، جس میں پیر پگارا نے ان سے مسلم لیگ فنکشنل پنجاب کے صدر کے عہدے سے استعفیٰ لے لیا۔ ذرائع کے مطابق پیر پگارا نے مخدوم احمد محمود کی جانب سے گورنر پنجاب بنے کے فیصلے پر بھی ناراضگی کا اظہار کیا تھا اور واضح کیا تھا کہ مسلم لیگ فنکشنل نے اصولوں کی بنیاد پر حکومت سے علیحدگی اختیار کی تھی اور وہ اپنے اس فیصلے پر قائم ہیں۔ رہنما مسلم لیگ فنکشنل امتیاز شیخ کا کہنا تھا کہ گورنر پنجاب بننا مخدوم احمد محمود کا ذاتی فیصلہ ہے اور اس حوالے سے آج پریس کانفرنس میں میڈیا کو مسلم لیگ فنکشنل کے موقف سے آگاہ کیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 223345
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش