0
Friday 21 Dec 2012 15:00

بھارت میں مسلم خواتین اجتماعی آبروریزی کی سب سے زیادہ شکار ہوئیں ہیں، سید احمد بخاری

بھارت میں مسلم خواتین اجتماعی آبروریزی کی سب سے زیادہ شکار  ہوئیں ہیں، سید احمد بخاری

اسلام ٹائمز۔ دہلی میں عصمت دری کے حالیہ ہولناک واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے شاہی امام جامع مسجد دہلی سید احمد بخاری نے کہا کہ جب تک بھارت میں ہونے والے اس قسم کے واقعات پر مذہب یا ذات پات کی بنیاد پر احتجاج اور خاموش رہنے کا سلسلہ جاری رہے گا ایسے واقعات سے بچا نہیں جاسکے گا، اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ تین روز قبل دہلی میں 6 افراد نے چلتی بس میں ایک بے بس بچی کی آبروریزی کے شرمناک واقعہ پر پارلیمنٹ کے ممبران، انسانی حقوق کے رضاکاروں نے جس طرح شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے وہ اس بات کا مظہر ہے کہ لوگوں کا ضمیر ابھی کچھ زندہ ہے، انہوں نے سوال کیا کہ گجرات میں 2002ء میں مسلم خواتین کی آبروریزی کے شرمناک واقعات پر وہ ممبران پارلیمنٹ اور سیاسی پارٹیاں کیوں خاموش رہیں اور ان کے ضمیر نے انہیں اس درندگی کے خلاف احتجاج کرنے پر مجبور کیوں نہیں کیا، مولانا احمد بخاری نے کہا کہ بابری مسجد کی شہادت کے بعد 1993ء میں گجرات کے ہی سورت شہر میں مسلم خواتین کو درندگی کا شکار بنایا گیا اور برہنہ کرکے ان کی ویڈیو فلمیں بنائی گئیں یہ ایسے دردناک واقعات تھے جن پر انسانیت کی روح کانپ اٹھی، لیکن بھارتی پارلیمنٹ و حکام اور انسانی حقوق کی تنظیموں پر اس کا رتی برابر اثر نہیں ہوا۔
 
انہوں نے کہا کہ آبروریزی اور خواتین کے ساتھ بدسلوکی کا کوئی واقعہ ہوتا ہے تو بھارت کے مسلمان اس کے کرب کو شدت سے محسوس کرتے ہیں کیونکہ 60 سال کی مدت میں ہونے والے فسادات کی ایک  لمبی داستان موجود ہے اور بھارت میں مسلم خواتین اجتماعی آبروریزی کی سب سے زیادہ شکار ہوئیں ہیں، انہوں نے کہا کہ جبل پور، مرادآباد، علی گڑھ، گجرات، بھاگلپور، میرٹھ، آسام کے خونریز مسلم کش فسادات میں مسلمانوں کے جان و مال کی تباہی اور مسلم خواتین کی آبروریزی کے واقعات کو مسلمان کبھی فراموش نہیں کرسکتے ہیں کیونکہ ان فسادات میں مسلم خواتین کو نہ صرف درندگی کا شکار کیا گیا بلکہ انہیں سماج کے رحم و کرم پر بے یار و مددگار چھوڑدیا گیا، مولانا بخاری نے کہا کہ ہمیں مذہبی اور ذات پات کے تعصب سے بالاتر ہوکر ہر ظلم کے خلاف پوری قوت سے صدائے احتجاج بلند کرنی ہوگی۔

خبر کا کوڈ : 223367
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش