0
Saturday 29 Dec 2012 21:30

امریکا کی آگ میں ہمارے بچوں کو جھونکا جا رہا ہے،آمنہ مسعود جنجوجہ

امریکا کی آگ میں ہمارے بچوں کو جھونکا جا رہا ہے،آمنہ مسعود جنجوجہ
اسلام ٹائمز۔ ایوان عدل لاہور میں وکلاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈیفنس آف ہیومن رائٹس اینڈ پبلک سروسز ٹرسٹ کی چیئرپرسن آمنہ مسعود جنجوعہ نے کہا ہے کہ عوام نے دو سال تک وکلاء تحریک میں شرکت کر کے اسے کامیاب بنایا تھا، اس تحریک کی کامیابی اور جمہوریت کی بحالی کے باوجود عوام کے خواب پورے نہیں ہو سکے، لاپتہ افراد کے بارے میں جو کچھ آمریت میں ہوتا رہا ہے اس سے دوگنا موجودہ حکومت میں ہو چکا ہے، سپریم کورٹ کی جانب سے ازخود نوٹس لینے سے حالات میں کچھ بہتری آئی ہے اب وکلاء کو بھی ان کی مدد کرنا چاہئے کیونکہ لاپتہ افراد کے عزیزو اقارب آج بھی سڑکوں اور چوراہوں پر بیٹھے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں ان تمام مظلوم لوگوں کی وکالت کر رہی ہوں جن کے پاس آپ کو دینے کو کچھ نہیں، ایسے لوگوں کی مدد کیلئے ہر بار روم میں ایک تنظیم ہونی چاہئے جو مستحقین کی مفت قانونی مدد کرے، ہمارے پیاروں کو ہماری سخت ضرورت ہے، ہم مر سکتے ہیں مگر اپنے پیاروں کو نہیں بھول سکتے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے برے حالات کا فائدہ کس کو ہو رہا ہے، دہشت گردی کے خاتمے کے نام پر شروع کی گئی جنگ کا سارا نقصان ہمیں ہی ہو رہا ہے، ہم نے امریکا کا اتحادی بن کر بہت زیادہ قربانیاں دی ہیں، یہاں تک کہ ہم بے غیرتی کی زندگی گزارنے کی حد تک آ گئے ہیں، امریکا کی آگ میں ہمارے بچوں کو جھونکا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وکلاء حکمرانوں کا گریبان پکڑ لیں، ہمیں اقدامات اور نوٹسز نہیں چاہئیں، اگر ازخود نوٹس میں طاقت ہوتی تو ہمارے پیارے ہمارے پاس ہوتے سپریم کورٹ نے لاپتہ افراد کا اشو اٹھایا تو خود اس کے خلاف ایشوز بنا دئیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اب بھی کئی ایسے سائنسدان ہیں جو بارہ سال سے نظر بند ہیں، ان حالات میں یہ سوال بہت اہم ہے کہ ہم کس کی ذمہ داری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپنے پیاروں سے بچھڑ کر ہم نے چوڑیاں پہننا چھوڑ دی ہیں، ہم خون دیکر بھی اپنے پیاروں کو بازیاب کرائیں گے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے لاہور بار کے صدر ذوالفقار چودھری نے کہا کہ ملک سے ہزاروں شہریوں کا لاپتہ ہو جانا حکومت کی غفلت ہے، کوئی بھی حکومت ایسی بے غیرتی کا مظاہرہ نہیں کر سکتی۔ انہوں نے کہا کہ پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس نے لاپتہ افراد کا مسئلہ اٹھایا تھا، لاپتہ افراد کے بارے میں ہونے والی انکوائریوں کی رپورٹ جلد منظر عام پر آنا چاہئے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ لاپتہ افراد کے اہل خانہ کی تعلیم اور دیگر ضروریات کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کرے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ لاہور بار نے لاپتہ افراد کے اہل خانہ کو مفق قانونی امداد فراہم کرنے کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔
خبر کا کوڈ : 226252
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش