0
Tuesday 1 Jan 2013 23:08

سانحہ مستونگ، جے ایس او کا جمعتہ المبارک کو یوم احتجاج منانے کا اعلان

سانحہ مستونگ، جے ایس او کا جمعتہ المبارک کو یوم احتجاج منانے کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان نے مستونگ میں دہشتگردی کے افسوسناک واقعہ کے خلاف ملک بھر میں جمعتہ المبارک کو ریلیوں اور مظاہروں کے انعقاد کا اعلان کیا ہے۔ جے ایس او کے مرکزی نائب صدر سبطین عباس کے مطابق جعفریہ طلبا بلوچستان کے علاقہ مستونگ میں ایران جانے والے شیعہ زائرین کے اندوہناک قتل کیخلاف جمعتہ المبارک کو یوم احتجاج کے طور پر منائیں گے۔ 

انہوں نے دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی ادارے اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے میں ناکام ہو چکے ہیں، تشیع کو اپنے دفاع کا خود انتظام کرنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ اب لاشیں اٹھا اٹھا کر تھک گئے ہیں۔ ریلیوں اور مظاہروں کے ذریعے تنظیم کے کارکن اور عہدیداروں ملک میں جاری دہشتگردی کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کروائیں گے۔ 

جے ایس او کے مرکزی نائب صدر نے کہا کہ دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں خاص طور پر ملت تشیع کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، احتجاج کے ذریعے حکومت پر دہشتگرد اور کالعدم تنظیموں کی سرگرمیوں کو روکنے کے لئے دباو بڑھایا جائے گا۔ 

انہوں نے کہا کہ ملک میں دہشت گردوں کی بڑھتی ہوئی وارداتیں تشویشناک ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نہ صرف ملت جعفریہ بلکہ ملک کا ہر طبقہ اس پر سراپا احتجاج ہے۔ اقوام متحدہ سے لے کر انسانی حقوق کمیشن تک تمام غیر سرکاری ادارے تشویش کا اظہار کر چکے ہیں، لیکن حکومتی اقدامات سے کہیں کوئی ریلیف نظر نہیں آتا، اہل تشیع کے لئے پاکستان میں عرصہ حیات تنگ کیا جارہا ہے، اور عوام کو دہشت گردوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔ 
خبر کا کوڈ : 227232
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش