0
Monday 14 Jan 2013 13:06

قوم کی استقامت کو سلام، دھرنے ختم کر دیئے جائیں، علامہ ناصر عباس جعفری

قوم کی استقامت کو سلام، دھرنے ختم کر دیئے جائیں، علامہ ناصر عباس جعفری
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس نے کوئٹہ سے لاہور دھرنے کے شرکاء سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں پوری قوم کی استقامت کی داد دیتے ہوئے اس ملت کی عظمت کو سلام پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کوئٹہ سے یکجہتی کے لئے آنے والے میرے بھائی اور دھرنے میں بیٹھی رہنے والی میری مائیں اور بہنیں میں آپ سب کو سلام پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے شہداء کوئٹہ کے لواحقین کو بھی سلام پیش کیا، جنہوں نے مطالبات کی منظوری تک اپنے پیاروں کو سپردخاک کرنے سے انکار کر دیا۔

علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ ملت تشیع کی استقامت کے باعث آج پوری قوم سرخرو ہوئی ہے، اور ملی جذبے کی بدولت بےحس رئیسانی حکومت کو ختم کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم حکومت پر واضح کرتے ہیں کہ اگر ملت تشیع کے خلاف مظالم کا سلسلہ بند نہ ہوا تو پھر دھرنوں کا سلسلہ شروع ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں فوج کوئٹہ میں آکر دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کرے اور انہیں کیفر کردار تک پہنچائے۔ انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین حسینی عزم کے ساتھ میدان عمل ہے اور یزید وقت کے خلاف ہم ہمیشہ سینہ سپر رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ یزیدی نظام کے خلاف ہم علامہ طاہرالقادری کے لانگ مارچ کی حمایت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک سے یزیدی نظام کے خاتمہ تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی، انہوں نے کارکنوں کے ہدایت کی کہ وہ تمام رکاؤٹیں توڑ کر علامہ طاہرالقادری کے لانگ مارچ میں شرکت کریں۔

علامہ ناصر عباس نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کو مافیاز نے گھیر رکھا ہے اور ہم ان مافیاز سے ملک کو نجات دلانے کے لئے نکلے ہیں اور علامہ طاہرالقادری کی حمایت کا مقصد بھی یہی ہے کہ ہم ان مافیاز سے ملک کو چھڑائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم وحدت کے دائرہ کو بڑھائیں گے، پوری شیعہ قوم متحد ہے اور اہلسنت برادران بھی ہمارے ساتھ ہیں، ہم مزید مسلم مکاتب فکر سے اپنے تعلقات بہتر بنا کر ملک دشمن گروہ کا ناطقہ بند کر دیں گے۔ علامہ ناصر عباس نے کہا کہ پورے ملک میں استقامت کیساتھ دھرنے دینے والوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں اور اپنے مطالبات منظور ہونے پر میں دھرنا ختم کرنے کا اعلان کرتا ہوں۔ اس موقع پر دھرنے کے شرکاء نے لبیک یاحسین کی صداؤں سے گورنر ہاؤس پر لرزہ طاری کر دیا۔ علامہ راجہ ناصر عباس کے خطاب کے بعد علامہ عبدالخالق اسدی نے اختتامی خطاب کیا اور دھرنے کے شرکاء کو پرامن طریقے سے گھروں کو جانے کی ہدایت کی۔
خبر کا کوڈ : 231073
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش