0
Monday 14 Jan 2013 13:15

مطالبات منظور، کوئٹہ یکجہتی کونسل کا دھرنا ختم کرنیکا اعلان، شہداء کی تدفین آج ہوگی

مطالبات منظور، کوئٹہ یکجہتی کونسل کا دھرنا ختم کرنیکا اعلان، شہداء کی تدفین آج ہوگی
اسلام ٹائمز۔ کوئٹہ میں یکجہتی کونسل کی جانب سے گذشتہ چار روز سے جاری دھرنا ختم کرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ کوئٹہ یکجہتی کونسل کے رہنما قیوم چنگیزی نے کوئٹہ کی علمدار روڈ پر اعلان کیا کہ ہمارے مطالبات منظور کرلئے گئے ہیں، جس کے بعد دھرنا ختم کر دیا گیا۔ سانحہ کوئٹہ کے بعد ہزارہ برادری نے 86 میتوں کے ساتھ کوئٹہ کی علمدار روڈ پر گذشتہ چار روز سے دھرنا دیا ہوا تھا، اُن کا مطالبہ تھا کہ بلوچستان میں گور نرراج نافذ کرکے کوئٹہ کو فوج کے حوالے کیا جائے تاہم آج بلوچستان میں گورنر راج کے نافذ کے بعد مظاہرین نے دھرنا ختم کرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے، آج کسی بھی وقت میتوں کی تدفین متوقع ہے۔ 

دیگر ذرائع کے مطابق سانحہ کوئٹہ کے خلاف لواحقین کا 68 گھنٹے سے جاری احتجاج اور دھرنا مطالبات کی منظوری کے بعد ختم کر دیا گیا ہے، میتوں کی تدفین ڈیڑھ بجے کی جائے گی۔ علمدار روڈ پر دس جنوری کو خودکش اور ریموٹ کنٹرول یکے بعد دیگرے دو دھماکوں میں 120 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔ لواحقین نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے 87 میتوں کو علمدار روڈ پر احتجاج کیا اور دھرنا دیا۔ احتجاج 68 گھنٹے جاری رہا۔ مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ بلوچستان میں گورنر راج نافذ اور فوج طلب کی جائے، جس پر گذشتہ روز وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کوئٹہ پہنچ کر 12 گھنٹے طویل مذاکرات کیے اور رات دو بجے گورنر راج کے نفاذ کا اعلان کیا۔ اعلان کے بعد اہل تشیع کے مختلف تنظیموں کے رہنماؤں نے دھرنا ختم کرنے پر اتفاق کیا اور یکجہتی کونسل کے رہنما عبدالقیوم چنگیزی نے باقاعدہ دھرنے کے اختتام کا اعلان کیا۔ 

اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین کے رہنما علامہ ناصر عباس جعفری نے ملک بھر سمیت بیرون ملک بھی سانحہ کوئٹہ کے خلاف جاری احتجاج اور دھرنے کو ختم کرنے کی اپیل کی۔ 87 میتوں کی تدفین ڈیڑھ بجے ہزارہ قبرستان میں کی جائے گئی، جس کے لیے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ دوسری جانب سابق وزیر تعلیم نثار علی ہزارہ کوئٹہ میں ڈی آئی جی آفس کے سامنے ایچ ڈی پی کے لگائے جانے والے بھوک ہڑتالی کیمپ پہنچ گئے اور ہزارہ ڈیموکرٹیک پارٹی کے رہنما عبدالخالق ہزارہ کو جوس پلایا، جس پر رہنما عبدالخالق نے بھوک ہڑتالی کیمپ ختم کرنے کا اعلان کیا۔
خبر کا کوڈ : 231076
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش