0
Saturday 19 Jan 2013 23:19

دہشتگردی کے خاتمے کیلئے سیاسی جماعتیں مؤثر حکمت عملی اختیار کریں، چوہدری شجاعت حسین

دہشتگردی کے خاتمے کیلئے سیاسی جماعتیں مؤثر حکمت عملی اختیار کریں، چوہدری شجاعت حسین
 اسلام ٹائمز۔ پاکستان مسلم لیگ ق کے صدر سینیٹر چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ پاکستان میں دہشتگردی کے خاتمے کیلئے سیاسی جماعتوں کو مؤثر حکمت عملی اختیار کرنی چاہیئے۔ وہ یہاں اپنی رہائشگاہ پر اے این پی کے وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔ افراسیاب خٹک، غلام نبی بنگش، بشریٰ گوہر اور دیگر رہنماؤں پر مشتمل وفد نے چوہدری شجاعت حسین، مشاہد حسین سید اور دیگر مسلم لیگی قائدین سے ملاقات کر کے انہیں اے این پی کی مجوزہ کل جماعتی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔ اس موقع پر امتیاز رانجھا، سید قاسم شاہ، غیاث احمد میلہ، مسز فرخ خان اور دیگر رہنماء بھی موجود تھے۔

چوہدری شجاعت حسین نے وفد کو کانفرنس میں بھرپور شرکت کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ اے پی سی کی کامیابی کیلئے بھرپور کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پورا ملک دہشتگردی کا شکار ہے، اے این پی نے دہشتگردی کے خاتمہ کیلئے قدم بڑھایا ہے تو تمام جماعتوں کو اس کے ساتھ تعاون کرنا چاہیئے، انہوں نے کہا کہ بہتر تھا کہ حکومت اس حوالے سے پہلے ہی کوئی قدم اٹھاتی۔ انہوں نے کہا کہ مشاہد حسین سید دہشتگردی پر قابو پانے کے بارے میں کئی بار کہہ چکے ہیں لیکن ان کی باتوں پر کوئی توجہ نہیں دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ یہ کل جماعتی کانفرنس ایک اہم اور بڑے مقصد کیلئے منعقد کی جا رہی ہے، ہم اس سلسلہ میں اے این پی سے مکمل تعاون کریں گے۔

مشاہد حسین سید نے کہا کہ اے این پی کی قیادت سمیت پاکستان مسلم لیگ اور دیگر جماعتوں کے ہزاروں کارکنوں کے علاوہ پاکستان کی مسلح افواج اور عام شہری دہشتگردی کا شکار ہو چکے ہیں، موثر حکمت عملی نہ ہونے کی وجہ سے ہم اس جنگ میں بہت نقصان اٹھا رہے ہیں، پاکستان مسلم لیگ کا پہلے دن سے یہ موقف ہے کہ قوم کے مستقبل کو محفوظ بنانے کیلئے تمام جماعتوں کو جماعتی اور سیاسی مفادات سے بالا تر ہوکر اس سلسلہ میں متحد ہونا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ چوہدری ظہور الٰہی شہید اور خان عبدالولی خان مرحوم میں انتہائی قریبی تعلقات تھے، ہم اے پی سی بھرپور شرکت کریں گے اور پاکستان مسلم لیگ کی جانب سے اہم اور مؤثر تجاویز پیش کی جائیں گی۔ افراسیاب خٹک نے اے پی سی میں شرکت کی دعوت قبول کرنے پر چوہدری شجاعت حسین اور پاکستان مسلم لیگ کے دیگر قائدین سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ کانفرنس کا انعقاد فروری کے پہلے ہفتہ میں متوقع ہے۔
خبر کا کوڈ : 232722
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش