0
Thursday 24 Jan 2013 21:43

منکرین جشن میلاد سن لیں کہ غلامی رسول میں موت بھی قبول ہے، جماعت اہلسنّت

منکرین جشن میلاد سن لیں کہ غلامی رسول میں موت بھی قبول ہے، جماعت اہلسنّت
اسلام ٹائمز۔ جماعت اہلسنّت کے زیر اہتمام کیماڑی میں لانچوں کی میلاد ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی منوڑہ، جزیرہ بابا بھٹ، شمس پیر جزیرہ سے ہوتی ہوئی کیماڑی جیٹی پر اختتام پذیر ہوئی۔ اس موقع پر شرکاء نعرہ تکبیر اللہ اکبر ،نعرہ رسالت یارسول اللہ، مرحبا یامصطفی کے پرجو ش نعرے بھی لگا رہے تھے جبکہ اس موقع پر پاکستان کے استحکام، سلامتی و امن کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اہلسنّت پاکستان کراچی کے نائب امیر مولانا ابرار احمد رحمانی، پیر فاروق انور کاظمی، عبدالحفیظ معارفی، مولانا شعیب قادری نے کہا کہ حضور رحمتہ اللعالمین کی اس دنیا میں آمد باعث رحمت ہے آپ کی ولادت پر خوشیاں منانا ایمان کی علامت ہے، محبت رسول کا تقاضا ہے کہ پیارے نبی کے اسوہ حسنہ پر عمل کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ اہل اسلام آپ کی ولادت کا جشن شان و شوکت سے مناتے ہیں اور نبی پاک کے غلام جس جوش و خروش سے ان محافل میں شرکت کرتے ہیں اس کی مثال کسی اور مذہب کے ماننے والوں میں نہیں ملتی۔ مقررین نے کہا کہ منکرین جشن میلاد یہ سن لیں کہ غلامی رسول میں موت بھی قبول ہے کا نعرہ لگانے والے غیرت مند مسلمان گھناﺅنے ہتھکنڈوں سے ہراساں ہو کر جشن میلاد سے دست بردار نہیں ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ ہم کسی بھی بزدلی یا خوف میں مبتلا ہو کر گھروں میں نہیں بیٹھیں گے بلکہ تحفظ ناموس رسالت اور شوکت جشن ولادت پر قربان ہونے کا جذبہ لیکر 12 ربیع الاوّل کو میلاد کے جلوس اور مرکزی جلسے نشتر پارک میں موجود ہوں گے۔

مقررین نے مزید کہا کہ حضور پرنور کی تشریف آوری سے پوری دنیائے انسانیت کو منزل ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جشن ولادت نبوی امت مسلمہ کو دعوت فکر دیتا ہے کہ انفرادی و اجتماعی سطح پر اسلام کے حقیقی تصور کو اجاگر کرکے اپنے کردار و عمل کی اصلاح کی فکر کے ساتھ اللہ کی بندگی کا حق ادا اور احکامات الہی پر عمل کریں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمات اسلام کی حقیقی روح سے دور ہو کر آج کا مسلمان مسائل و مشکلات میں مبتلا ہو گیا ہے۔ لہٰذا ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اپنی زندگی کو اللہ اور رسول کے بتائے ہوئے طریقے پر گزاریں اور دنیا و آخرت میں کامیابی فلاح و نجات کیلئے اپنی تربیت، اصلاح اور محاسبہ کریں۔
خبر کا کوڈ : 233936
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش