0
Sunday 11 Apr 2010 12:50
مجلس وحدت مسلمین کے بیداری ملت کنونشن سے علماء کا خطاب:

مسلکی امتیاز و تفریق ختم، قومی اتحاد کا مشن لے کر میدان میں نکلے ہیں

مسلکی امتیاز و تفریق ختم، قومی اتحاد کا مشن لے کر میدان میں نکلے ہیں
اسلام آباد (اسلام ٹائمز): مجلس وحدت مسلمین کا دو روزہ بیداری ملت کنونشن اسلام آباد میں شروع ہو گیا۔ کنونشن کی پہلی نشست سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما اور تنظیم سازی امور کے انچارج علامہ شبیر بخاری نے کہا کہ پاکستان جغرافیائی اعتبار سے حساس ملک ہے، عالمی سامراجی قوتوں نے ہر دور میں اپنے مفادات کیلئے اسے استعمال کیا، امام خمینی رہ کا انقلاب اپنے پاوں پر کھڑا ہونے کا درس دیتا ہے، حکمرانوں کو دوغلی پالیسیاں ترک کرنا ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ فرقہ وارانہ واقعات کے پیچھے امریکہ اور استعماری طاقتوں کا ہاتھ ہے، عوام میں امریکہ سے نفرت اسکے مظالم کی وجہ سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین نے ایک سال کے کم عرصے میں چاروں صوبوں سمیت آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں تنظیم سازی مکمل کر لی ہے۔ اس وقت ملک کے 110 میں سے 80 سے زائد اضلاع میں مجلس وحدت مسلمین کا اسٹرکچر مکمل ہو چکا ہے۔ 
علامہ سید حسنین گردیزی نے کہا کہ جنرل ضیاءالحق نے قوم کو تقسیم کیا اور مختلف ٹکڑوں میں بانٹا جسکے اثرات اب ظاہر ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف حکمران اور سرکاری شخصیات امریکہ میں کپڑے اور جوتے اتار دینے تک راضی ہیں تو دوسری طرف امریکہ کی غلامی سے چھٹکارا پانے کا نعرہ لگایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی کھوئی ہوئی شناخت کو بحال کرنا ہو گا اور مسلکی امتیازات سے بالاتر ہو کر وطن عزیز کو بچانا ہو گا، وطن عزیز اس وقت نازک صورتحال سے گزر رہا ہے لہذا تمام مذہبی و سیاسی جماعتوں کا صرف ایک ہی ایجنڈا ہونا چاہئے اور وہ ہے "پاکستان بچاو"۔ 
مجلس وحدت مسلمین پاکستان گلگت بلتستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ نیر عباس، پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی اور صوبے بلوچستان کے سیکرٹری جنرل علامہ مقصود ڈومکی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ دہشت گردی کی تربیت دینے والے مدارس کے خلاف کاروائی کی جائے اور عاشورہ اور میلاد کے جلوسوں پر فائرنگ کرنے والوں کو گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں کالعدم تنظیم تیزی سے فعال ہو رہی ہے جس پر حکومت کو فوری طور پر نوٹس لینا چاہئے۔
 کنونشن کی دوسری نشست میں مختلف اضلاع نے اپنی اپنی کارکردگی رپورٹ پیش کی جن میں چنیوٹ، لاہور، جھنگ، ملتان اور دیگر اضلاع شامل ہیں۔ بعدازاں ملٹی میڈیا پر مجلس وحدت مسلمین کی دو سال پر مشتمل ڈاکومنٹری فلم چلائی گئی۔ 
مولانا غلام شبیر بخاری نے کراچی کمپنی اسلام آباد میں منعقدہ اس کنونشن کی حوالے سے بتایا کہ کنونشن کے آغاز میں پہلے روز کے ایجنڈے میں مختلف اضلاع اپنی کارکردگی رپورٹس پیش کریں گے، دوسرے سیشن میں مذاکرہ ہوگا جس میں علماء کرام اور تنظیمی شخصیات خطاب فرمائیں گی جبکہ تیسرے سیشن میں شبِ شہداء کا پروگرام ہو گا جس میں ملک بھر میں دہشت گردی کے نتیجے میں شہید ہونے والے شہداء کی یاد میں پروگرام کیا جائے گا جس میں شہداء کے اہل خانہ بھی شریک ہونگے۔ دوسرے روز کے ایجنڈے کے مطابق دو نشستیں منعقد کی جائیں گی۔ آخری نشست میں سیکرٹری جنرل کا انتخاب اور اعلان عمل میں لایا جائے گا۔ اسلام آباد سے ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق تنظیم کے جنرل سیکریٹری کے لئے متعدد افراد کی نام سامنے ہیں تاہم علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا نام نمایاں ہے۔

خبر کا کوڈ : 23430
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش