0
Sunday 27 Jan 2013 00:33

ظالموں سے پوچھتا ہوں کتنا خون بہاؤ گے، غلام احمد بلور

ظالموں سے پوچھتا ہوں کتنا خون بہاؤ گے، غلام احمد بلور
اسلام ٹائمز۔ اے این پی کے رہنما اور وفاقی وزیر ریلوے حاجی غلام احمد بلور نے کہا ہے کہ پاکستان کے آئین کا تحفظ چاہتے ہیں۔ بشیر بلور کی شہادت کے بعد عوامی نیشنل پارٹی انتخابات میں کامیابی حاصل کرے گی۔ نشتر ہال پشاور میں خیبر پختونخواہ کے سینئر وزیر بشیر احمد بلور شہید کے چہلم کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب میں غلام احمد بلور نے کہا کہ ظالموں سے پوچھتا ہوں کتنا خون بہاؤ گے۔ پختونوں کو کیوں مارا جا رہا ہے وہ تو امن کے علم بردار ہیں انہوں نے کہا کہ آئین پر مذہبی رہنماؤں نے بھی دستخط کئے تھے کیا طالبان ان سے بہتر مسلمان ہیں۔ غلام احمد بلور نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو اور بےنظیر کی شہادت کے بعد بھی پی پی پی بر سر اقتدار آئی تھی۔ بشیر بلور کی شہادت کے بعد اے این پی تمام نشستیں جیتے گی۔ انہوں نے کہا کہ تمام جماعتیں مارشل لاء کی پیداوار ہیں۔ عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما اور وفاقی وزیر ریلوے غلام احمد بلور نے طالبان سے پرتشدد کارروائیاں بند کرکے مذاکرات کے لئے بیٹھنے کی پیشکش کرتے ہوئے زور دیا ہے انہوں نے کہا کہ صوبے کے عوام آنے والے انتخابات میں عوامی نیشنل پارٹی کے امیدواروں کو بھاری اکثریت سے کامیاب کروائیں۔ 

غلام احمد بلور نے کہا کہ ظالموں نے بہت سا بےگناہ خون بہا دیا ہے۔ مزید یہ سلسلہ بند ہونا چاہیئے، مرنے مروانے کی روش اب ختم ہو جانی چاہیئے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپیل کی ہے کہ سیاسی جماعتیں عوامی نیشنل پارٹی کے ساتھ امن لانے کے لئے عوامی نیشنل پارٹی کا ساتھ دیں۔ عوامی نیشنل پارٹی مارشل لاء کی پیداوار نہیں ہے۔ وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو اور بےنظیر بھٹو کی طرح بشیر بلور کی شہادت رنگ لائے گی اور عوامی نیشنل پارٹی بھرپور طریقے سے کامیاب ہو گی۔ تقریب سے عوامی نیشنل پارٹی کے سینٹرز حاجی عدیل، جبکہ وزیر اطلاعات میاں افتخار حسین نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں صوبے بھر کے کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
خبر کا کوڈ : 234946
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش