1
0
Friday 1 Feb 2013 14:31

ہنگو میں مسجد کے قریب خودکش حملہ، 28 نمازی شہید، 40 سے زائد زخمی

ہنگو میں مسجد کے قریب خودکش حملہ، 28 نمازی شہید، 40 سے زائد زخمی
اسلام ٹائمز۔ ہنگو کے علاقہ پٹ بازار میں نماز جمعہ کے بعد مسجد کے باہر ہونے والے خودکش حملہ کے نتیجے میں 28 افراد شہید ہو گئے۔ ذرائع کے مطابق پٹ بازار میں واقع شیعہ مسجد فیض اللہ میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد نمازی باہر آ رہے تھے کہ ایک خودکش حملہ آور نے ان کے درمیان پہنچ کر خود کو دھماکہ سے اڑا دیا۔ جس کے نتیجے میں 19 افراد موقع پر ہی شہید ہو گئے، جبکہ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق شہادتوں کی تعداد 28 ہو گئی ہے، اور 40 سے زائد افراد زخمی ہیں، جنہیں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال ہنگو منتقل کر دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ شدید زخمی ہونے والے 9 افراد کو پشاور کے لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ ہنگو میں موقع پر موجود مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے سیکرٹری جنرل علامہ سبیل حسن مظاہری نے ’’اسلام ٹائمز‘‘ کو بتایا کہ وہ اس وقت اسپتال میں ہیں اور کئی افراد شہید اور زخمی ہوئے ہیں، جبکہ کئی افراد کی حالت تشویشناک ہے۔ 

ادھر ڈی پی او ہنگو ڈاکٹر سعید نے بھی شہادتوں کی تصدیق کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس دھماکہ میں نمازیوں کو ٹارگٹ کیا گیا ہے، ڈی پی او کا کہنا ہے کہ دھماکہ خودکش تھا۔ بم ڈسپوزل اسکوارڈ کے مطابق دھماکے میں 7 سے 8 کلو گرام بارودی مواد استعمال کیا گیا، موقع سے ایک ہاتھ بھی ملا ہے جو ممکنہ طور پر حملہ آور کا ہو سکتا ہے۔ دھماکے میں زخمی ہونیوالے افراد کو ڈی ایچ کیو اسپتال ہنگو، باب المدینہ میڈیکل سینٹر اور باب السلام میڈیکل سینٹر میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔ اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ ہے۔ دھماکے کے بعد علاقے میں صورتحال کشیدہ تھی تاہم پولیس نے حالات پر قابو پا لیا۔ پولیس نے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ 
خبر کا کوڈ : 236436
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

United States
peshwar mai iso pak peshawr division k sdr iqtdar ali shayan hangu bomb blast k zakhmiom ki ayadt k lieye Laidy Reding Hospital PESHAWR phonc gaye
 
ہماری پیشکش