0
Sunday 3 Feb 2013 18:31

آئی ایس او اور ایم ڈبلیو ایم کے زیراہتمام ملتان میں سانحہ ہنگو کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

آئی ایس او اور ایم ڈبلیو ایم کے زیراہتمام ملتان میں سانحہ ہنگو کے خلاف احتجاجی مظاہرہ
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان ملتان کے زیراہتمام گزشتہ روز ہنگو میں جمعہ کی نماز کے بعد ہونے والے دھماکے کے خلاف جعفریہ بازار سورج میانی ملتان میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ احتجاجی مظاہرے کی قیادت مجلس وحدت مسلمین ملتان کے سیکرٹری جنرل علامہ سید اقتدار حسین نقوی اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن ملتان کے ڈویژنل صدر تہور حیدری، محمد عباس صدیقی، جواد رضاجعفری اورمحمد رضا نقوی نے کی۔ مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر دہشت گردی، فرقہ واریت اور امریکہ و اسرائیل کے خلاف نعرے درج تھے۔ 

وحدت میڈیا سیل ملتان سے جاری پریس ریلیرکے مطابق مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ ہنگو میں خودکش دھماکہ انتظامیہ کی نااہلی اور ملی بھگت کا نتیجہ ہے۔ ملک میں ایک مخصوص مسلک کے لوگوں کو دیوار سے لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ جس کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم جنازے اٹھا اٹھا کر تھک چکے ہیں۔ اب مزید جنازے اٹھانے کی طاقت نہیں رہی۔ اگر یہ سلسلہ بند نہ کیا گیا تو ہم بھی انتہائی قدم اٹھانے پر مجبور ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم حکومت وقت کو یہ بتا دینا چاہتے ہیں کہ اب قتل عام کا یہ سلسلہ رکنا چاہئے ورنہ مجبورا ہمیں کہیں اپنے دفاع میں ہتھیار اٹھانا نہ پڑجائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم آج کے اس دلخراش واقعہ کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہیں۔ 

مقررین کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں گورنر راج کا خاتمہ کیا گیا تو اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کریں گے، گورنر راج کی مخالفت کرنے والے مظلوم انسانوں کے بہنے والے خون کی تذلیل کررہے ہیں۔ ملک بھرمیں جاری بم دھماکے اور ٹارگٹ کلنگ ملک دشمن اسلام دشمن عناصر کی ملک خداد پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی سازش کر رہے ہیں جس کو شیعہ و سنی پیروی رسول اکرم (ص) پر چلتے ہوئے ناکام بنا دیں گے۔ اگر تمام مکاتب فکر کے علما متحد ہوجائیں تو آج بھی ہمارے اختلافات ختم ہوسکتے ہیں۔ آج معاشرے میں زمانہ جاہلیت کی نفرتیں پروان چڑھ رہی ہیں خون پانی کی طرح بہایا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ استعماری طاقتیں ہماری ہمارے معمولی اختلافات کو ہوا دینے کیلئے دین فروشوں اور ضمیر فروشوں کو استعمال کر رہی ہیں اگر ہم نے سیرت نبوی کا دامن نہ تھا ما تو روز حشر ہم آقائے دو جہاں (ص) کی بارگاہ میں منہ دکھانے کے قابل نہیں ہونگے، کراچی سے خیبر تک اپنے آپ کو امت محمدی (ص) کہنے والے لوگ ایک دوسرے کا خون بہا کر کسی اور کی نہیں صرف اسلام دشمن طاقتوں کی خدمت کر رہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 236899
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش