0
Sunday 3 Feb 2013 17:04

کوئٹہ میں سانحہ ہنگو کیخلاف ریلی، دہشتگرد امریکہ و اسرائیل کے ایجنٹ ہیں، علامہ ہاشم موسوی

کوئٹہ میں سانحہ ہنگو کیخلاف ریلی، دہشتگرد امریکہ و اسرائیل کے ایجنٹ ہیں، علامہ ہاشم موسوی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ کے زیر اہتمام علمدار روڈ پر سانحہ ہنگو کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ جس میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ جنہوں نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے، جن پر دہشت گردوں اور نااہل حکومت کے خلاف نعرے درج تھے۔ ریلی کے شرکاء نے سانحہ ہنگو میں ملوث دہشت گردوں اور حکومتی غفلت کے خلاف شدید نعرہ بازی کی۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ سید ہاشم مو سوی نے شرکاء ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک مرتبہ پھر سر زمین پاکستان کے ایک کونے میں شیعیان حیدر کرار (ع) کو بےدردی سے دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا۔ جس کیخلاف کوئٹہ کے تشیع سراپا احتجاج ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ دہشتگرد امریکہ اور اسرائیل کے ایجنٹ ہیں اور پاکستان میں انہیں ریاستی اداروں کے بعض عناصر کی سرپرستی حاصل ہے۔ 

ان کا کہنا تھا کہ ظلم و ستم کا یہ سلسلہ 1400 سال سے جاری ہے۔ جس طرح تاریخ میں یزیدیت کو شکست ہوئی تھی اسی طرح آج بھی یزید وقت کو شکست ہو گی اور آخر میں صرف حسینیت کا نعرہ یعنی لبیک یا حسین (ع) باقی رہے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کا فرض ہے لیکن حکومت اپنا فرض انجام نہیں دے سکتی تو اسے مستعفی ہونا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ بعض سازشی عناصر بلوچستان میں گورنر راج کو ہٹانا چاہتے ہیں۔ اگر ایسا ہوا تو پورے پاکستان کے عوام کوئٹہ کی طرف لانگ مارچ کرینگے۔ ریلی کے آخر میں علمدار روڈ شہداء چوک پر شہداء کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔
خبر کا کوڈ : 236768
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش