0
Monday 4 Feb 2013 22:18

کشمیریوں کیساتھ ہمارا رشتہ خونی رشتوں سے زیادہ مضبوط ہے، اطہر عمران

کشمیریوں کیساتھ ہمارا رشتہ خونی رشتوں سے زیادہ مضبوط ہے، اطہر عمران
اسلام ٹائمز۔ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر اطہر عمران نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ کشمیری مسلمان بھائیوں کے ساتھ مذہبی و شعوری رشتہ ہے جو خون کے رشتہ سے کہیں زیادہ مضبوط ہے، کشمیری مسلمانوں پر طویل عرصے سے ظلم و ستم ڈھایا جا رہا ہے جو کہ انسانی تاریخ کی بدترین مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ مظلوم کشمیری عوام بھارتی فوجی درندوں کا شکار ہو رہے ہیں آئے روز ان کو قتل کیا جاتا ہے یا بغیر مقدمہ ان کو سالہا سال قید و مشقت کا نشانہ بنایا جاتا ہے لیکن ان کا کوئی پرسان حال نہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیریوں کی تحریک آزادی کو کچلنا چاہتا ہے لیکن وہ دن دور نہیں کہ جب کشمیری عوام آزادی حاصل کر کے رہیں گے، خطے میں امن اور استحکام لئے کشمیری عوام کی آزادی لازم ہے۔ اطہر عمران نے کہا کہ مسئلہ کشمیر ایک انسانی مسئلہ ہے جس کے لئے تمام امت مسلمہ کو چاہئے کہ وہ متحد ہو کر کشمیر کی آزادی کے لئے آواز بلند کرے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمان جو کہ جسد واحد ہیں کو ان کو کشمیری عوام کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دینا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کشمیر کی دھرتی کے باسی ایک مضبوط بے نظیر تہذیب و ثقافت اور اسلامی اقدار کے داعی ہیں، یہ یک جان اور دو قالب ہیں، جن کو جبراً جدا نہیں رکھا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح نے کشمیر کو وطن عزیز کی شہ رگ قرار دیا جبکہ شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے تصور پاکستان کو مینار پاکستان کے سائے میں عملی جامعہ پہنایا گیا اور پاکستان قائم ہو گیا جس کی تکمیل شہ رگ کی آزادی کے بغیر مکمل نہیں۔

اطہر عمران نے کہا کہ کل مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کا دن ہے، پوری پاکستانی قوم اور آزادکشمیر کے باسی دنیا بھر میں مظلوم کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے یہ دن نہایت عقیدت و احترام سے منائیں گے، کشمیر کی آزادی کے بغیر ڈاکٹر علامہ اقبال کا خواب تشنہ رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کی آزادی کے لیے 6 لاکھ افراد نے جام شہادت نوش کیا، شہدا کی قربانیوں کو فراموش نہیں ہونے دیں گے، کشمیر ضرور آزاد ہو گا، مظلوم اور دکھی انسانیت کو آزادی کی نعمت ملے گی اور تکمیل پاکستان کا ادھورا خواب جلد پورا ہو گا۔
خبر کا کوڈ : 237171
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش