0
Monday 4 Feb 2013 22:32

جماعت اہلسنّت امریکی ایماء پر افغانستان میں ہونیوالی علماء کانفرنس کو مسترد کرتی ہے، علامہ ریاض شاہ

جماعت اہلسنّت امریکی ایماء پر افغانستان میں ہونیوالی علماء کانفرنس کو مسترد کرتی ہے، علامہ ریاض شاہ
اسلام ٹائمز۔ جماعت اہلسنّت پاکستان کے مرکزی ناظم اعلیٰ علامہ سیّد ریاض حسین شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان بے چینی اور بے یقینی کی لپیٹ میں ہے، کراچی میں قتل و غارت کا اٹھارہ سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے، ملکی ترقی کے لیے کام چوری اور حرام خوری کا خاتمہ ضروری ہے، کراچی میں شرپسندوں کو کچلنے کے لیے ٹارگٹڈ آپریشن کیا جائے اور کراچی سمیت پورے ملک کو ناجائز اسلحہ سے پاک کیا جائے کیونکہ الیکشن سے پہلے بدامنی پر قابو نہ پایا گیا تو الیکشن میں بیلٹ کی بجائے بلٹ سے فیصلہ ہو گا۔

سیّد ریاض حسین شاہ نے کہا کہ جماعت اہلسنّت عاصمہ جہانگیر کو کسی صورت نگران وزیراعظم قبول نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ بے لاگ احتساب کے بغیر پاکستان کا مستقبل محفوظ نہیں بنایا جا سکتا، بیروزگار نوجوانوں نے قلم چھوڑ کر کلاشنکوف اٹھا لی ہے، اس ماحول میں ’’کلاشنکوف مردہ باد ۔ ۔ ۔ قلم، کتاب زندہ باد‘‘ کا نعرہ اپنانا اور پھیلانا ہو گا۔ سیّد ریاض حسین شاہ نے کہا کہ عوام کو صوبے نہیں روٹی اور روزگار چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران طبقات کو نقارۂ خدا کی آواز کیوں سنائی نہیں دیتی۔

انہوں نے کہا کہ قوم کو آئندہ الیکشن میں دھن، دھونس اور دھاندلی کے لات منات پاش پاش کرنا ہوں گے۔ سیّد ریاض حسین شاہ نے کہا کہ علماء و مشائخ انقلابِ نظامِ مصطفی کی جدوجہد کو نتیجہ خیز بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلیوں میں باکردار لوگ پہنچیں گے تو ملک میں حقیقی تبدیلی آئے گی۔ سیّد ریاض حسین شاہ نے کہا کہ جماعت اہلسنّت امریکی ایماء پر افغانستان میں ہونے والی علماء کانفرنس کو مسترد کرتی ہے۔

مرکزی ناظم اعلیٰ جماعت اہلسنت کا کہنا تھا کہ علما کانفرنس میں اہلسنّت کا کوئی عالم دین شریک نہیں ہو گا۔ سیّد ریاض حسین شاہ نے کہا کہ امریکی ڈرون حملے پاکستان کی سلامتی اور خودمختاری پر حملہ ہیں، ڈرون حملوں پر عالمی برادری اور اقوام متحدہ کی خاموشی افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اہلسنّت 5 فروری کو ملک بھر میں مظلوم کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے یومِ یکجہتئ کشمیر منائے گی۔
خبر کا کوڈ : 237174
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش