0
Friday 8 Feb 2013 23:58

ایم ڈبلیو ایم کے وفد کی مشاہد حسین سید اور حاجی عدیل سے ملاقات، بلوچستان کی صورتحال پر تبادلہ خیال

ایم ڈبلیو ایم کے وفد کی مشاہد حسین سید اور حاجی عدیل سے ملاقات، بلوچستان کی صورتحال پر تبادلہ خیال
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ امین شہیدی کی سربراہی میں ایم ڈبلیو ایم کے وفد نے پاکستان مسلم لیگ (ق) کے مرکزی رہنماء سینیٹر مشاہد حسین سید اور عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء سینیٹر حاجی عدیل خان سے ملاقات کی، اس موقع پر مجلس و حدت مسلمین کے دیگر رہنماء علامہ اصغر عسکری اور ملک اقرار حسین بھی موجود تھے۔ ملاقات میں ملکی صورتحال اور آئندہ عام انتخابات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ علامہ امین شہیدی نے گفتگو کے دوران کہا کہ مملکت پاکستان میں جاری دہشت گردی کی لہر بین الاقوامی سازش کا حصہ ہے اور فرقہ واریت کو فروغ دینے والے ملک دشمن عناصر مملکت خداداد پاکستان کو تباہی کی طرف لے جا رہے ہیں۔

علامہ امین شہیدی نے کہا کہ بلوچستان دہشت گردی کا گڑھ بن گیا تھا اور گورنر راج کے بعد وہاں جرائم کی شرح میں واضح کمی دیکھنے میں آئی ہے اور اب بلوچستان میں موجود سیاسی قوتیں خود اس بات کا اعتراف کر رہی ہیں کہ رئیسانی حکومت صوبہ بھر میں دہشت گردی، انتہا پسندی اور اغواء برائے تاوان کی اصل ذمہ دار تھی، ملت جعفریہ پاکستان کا واضح اور دوٹوک موقف ہے کہ بلوچستان میں گورنر راج قائم رکھا جائے اور مستقبل میں بننے والی نگراں حکومت میں نااہل اور کرپٹ اسلم رئیسانی اور دیگر نامزد دہشت گردوں کے معاون وزراء کو ہرگز شامل نہ کیا جائے۔

اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ (ق) کے رہنماء سینیٹر مشاہد حسین سید اور عوامی نیشنل پارٹی کے رہنماء سینیٹر حاجی عدیل خان کا کہنا تھا کہ مجلس وحدت مسلمین کے بلوچستان میں جاری دہشت گردی کے خلاف اقدامات اور ان کی پُرخلوص کوششوں کو فراموش نہیں کیا جاسکتا، بلوچستان میں گورنر راج ختم کرانے کی کسی بھی کوشش کا حصہ نہیں ہیں اور نہ ہی اس حوالے سے کوئی اقدامات کئے ہیں، ہم بھی یہ سمجھتے ہیں کہ گورنر راج سے صوبہ میں دہشت گردی کے واقعات میں نمایاں کمی آئی ہے، سینیٹر مشاہد حسین سید اور سینیٹر حاجی عدیل خان نے علامہ امین شہیدی سے اتفاق کیا کہ ملک میں جاری دہشت گردی کی لہر پاکستان کو کمزور کرنے کی سازش ہے اور بلوچستان میں قیام امن کیلئے گورنر راج کا نفاذ ضروری ہے۔
خبر کا کوڈ : 238210
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش