0
Saturday 9 Feb 2013 22:36

شہید افضل گورو کے بہیمانہ قتل کے خلاف 4 روزہ ہڑتال اور بھر پور احتجاج کیا جائے گا، یاسین ملک

شہید افضل گورو کے بہیمانہ قتل کے خلاف 4 روزہ ہڑتال اور بھر پور احتجاج کیا جائے گا، یاسین ملک

اسلام ٹائمز۔ محمد افضل گورو کو تختہ دار پر لٹکا کر بھارت کے حکمرانوں نے محض اپنے اقتدار کو طول بخشنے کے لئے اپنی چنگیزی ذہنیت کا ایک اور ثبوت دیا ہے، بھارت کے یہ کوتاہ اندیش جمہوری چنگیز جان لیں کہ کشمیری اپنے بیٹے کے اس قتل کو ٹھنڈے پیٹوں برداشت نہیں کریں گے اور جس طرح شہید بابائے قوم محمد مقبول بٹ کی شہادت کے بعد لاکھوں مقبول پیدا ہوئے اُسی طرح شہید محمد افضل گورو کی مظلومانہ شہادت اور مقدس لہو بھی رنگ لے آئے گا، ان باتوں کا اظہار جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے پاکستان سے جاری کئے گئے اپنے ایک بیان میں کیا ہے، یاسین ملک جو 27 جنوری کو پاکستان پہنچے تھے نے کہا کہ شہید محمد افضل گورو کی ایک بے بنیاد اور فرضی معاملے میں تختہ دار پر شہادت اور جیل کے اندر تدفین ہر لحاظ سے دلدوز ہے، بھارت کے چنگیز صفت حکمران جو دنیا بھر میں جمہوریت کا ڈھنڈورا پیٹتے رہتے ہیں 29 برس قبل بھی کشمیر کے عظیم قائد محمد مقبول بٹ 11 فروری کے روز اسی انداز میں تختہ دار پر شہید کرکے جیل کے احاطے کے اندر ہی دفن کردیا تھا، آج بھی ان ظالموں نے ایک باپ کو اپنے معصوم بچوں کا چہرہ دکھائے بغیر اور بچوں کو بعد از مرگ اپنے والد کا چہرہ دیکھنے سے محروم کردیا ہے۔

یاسین ملک نے کہا کہ اپنے آپ کو سیکولر کہلانے والے ان جمہوری چنگیزوں نے پہلے شہید مقبول بٹ اور اب شہید محمد افضل گورو کو مذہبی اور روایتی اقدار کے مطابق جنازے اور کفن دفن سے محروم کرکے ثابت کردیا ہے کہ اپنے اقتدار کو طول دینے کےلئے یہ لوگ جنگل کے درندوں سے بھی زیادہ خونخوار بن سکتے ہیں، یاسین ملک نے کہا کہ افضل گورو کی پھانسی سے یہ بات ثابت ہوجاتی ہے کہ کشمیریوں کےلئے بھارت میں انصاف، قانون، جمہوریت اور انسانیت نام کی اشیاء مفقود ہیں، انہوں نے شہید محمد افضل گورو کے اس بہیمانہ قتل کے خلاف 4 روزہ ہڑتال کی اپیل کرتے ہوئے کشمیری عوام سے کہا کہ وہ جہاں بھی ہوں مجتمع ہوکر اس ظلم اور قتل کے خلاف بھر پور احتجاج کریں۔
 
یاسین ملک نے کہا کہ جموں کشمیر کے لوگ شہید افضل گورو کے ساتھ روا رکھے گئے بہیمانہ سلوک پر چُپ سادھے نہیں بیٹھیں گے اور جے کے ایل ایف بھی اس سلسلے میں اپنی ذمہ داریاں نبھائے گی، انہوں نے کہا کہ ہمارے اس بھائی کو مار دینے کے بعد مذہبی اقدار کے تحت تدفین اور جنازے سے بھی محروم کردیا گیا ہے اسلئے ہم اپنے اس بھائی کے لئے جگہ جگہ غائبانہ نماز جنازہ بھی ادا کریں گے، یاسین ملک نے کہا کہ ہم بھارتی ظالموں، قابضوں اور اقتدار کے لئے اپنے ضمیر اور انسانیت کا سودا کرنے والے جمہوری چنگیزوں کو باور کرانا چاہتے ہیں کہ کشمیریوں کو زخم پر زخم دینے کا حساب انہیں دینا ہی پڑے گا۔

خبر کا کوڈ : 238405
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش