0
Wednesday 13 Feb 2013 11:50

آزاد کشمیر حکومت کا کل یوم سیاہ منانے کا اعلان

آزاد کشمیر حکومت کا کل یوم سیاہ منانے کا اعلان
 اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید اور حریت کانفرنس کی مشترکہ کال پر بھارت کی جانب سے افضل گورو کی انتقامی عدالتی قتل پر 14 فروری کو ریاست جموں و کشمیر کے دونوں اطراف ریاسی دہشت گردی، انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں کے خلاف کل جمعرات " یوم عزم جہد مسلسل " منانے کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس روز ریاست جموں و کشمیر کے دونوں اطراف احتجاجی مظاہرے، جلسے جلوس، ریلیاں اور دھرنے دے کر بھارت کی طرف سے بے گناہ کشمیری حریت رہنما افضل گورو کی پھانسی سمیت لاکھوں کشمیریوں کی ہلاکت پر عالمی برادری کی توجہ مبذول کروائی جائے گی۔ 

یوم عزم جہد مسلسل کی تیاریوں کے سلسلہ میں تمام زعماء سے رابطوں اور ملاقاتوں کے بعد میڈیا کو تفصیلات بتاتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے میڈیا ایڈوائزر شوکت جاوید میر نے کہا کہ 14 فروری یوم عزم جہد مسلسل منا کر دنیا کو یہ باور کروایا جائے گا کہ کشمیری عوام کی ایک ہی پکار ہے کہ انھیں پیدائشی حق، حق خودارادیت دلوانے میں عالمی برادری اور بااثر ممالک ثالثی یا میزبانی کے لیے فیصلہ کن جاندار کردار ادا کریں۔ اگر عالمی برادری نے ایسا کرنے میں دیر کی تو دو ایٹمی ممالک کے درمیان نیوکلیئروار کے خدشات و امکانات یقین میں تبدیل ہو سکتے ہیں۔ 

انھوں نے کہا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر، سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان، قائد حزب اختلاف راجہ فاروق خان، لبریشن فرنٹ کے چیئرمین یاسین ملک سمیت حریت کانفرنس کے زعماء، تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین دارالحکومت مظفرآباد میں احتجاجی جلسہ عام سے خطاب اور تاریخی ریلی کی قیادت کرتے ہوئے پیدل اقوام متحدہ کے مشن دفتر میں احتجاجی یاداشت پیش کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ 14 فروری کو ڈیڑھ کروڑ کشمیری عوام کوہ ہمالیہ کی طرح متحد ہو کر اپنے بنیادی حق، حق خودارادیت کے حصول کی خاطر اقوام متحدہ کے چارٹر اور سکیورٹی کونسل کی منظور شدہ قراردادوں کے مطابق عملدرآمد کا مطالبہ کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 239272
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش