0
Monday 18 Feb 2013 21:26

سانحہ کوئٹہ کے متاثرین کے اظہار یکجہتی کیلئے قومی اسمبلی کا اجلاس کوئٹہ میں کیا جائے،فضل کریم

سانحہ کوئٹہ کے متاثرین کے اظہار یکجہتی کیلئے قومی اسمبلی کا اجلاس کوئٹہ میں کیا جائے،فضل کریم
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین اور رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ فضل کریم نے کہا ہے کہ لوٹوں کو گود لینے والوں نے اصولی سیاست دفن کر دی ہے، سانحۂ کوئٹہ کے متاثرین سے اظہاریکجہتی کے لیے قومی اسمبلی کا اجلاس کوئٹہ میں منعقد کیا جائے، نظام اور امام بدلنے کے لیے آئندہ الیکشن اہم ہیں، رائٹ اور لیفٹ کی بجائے رائٹ اور رانگ کی بات ہونی چاہیے، پارٹی مفادات کو چھوڑ کر پاکستان کا پرچم تھامنے کا وقت آ گیا ہے، ایمان کی حرارت والوں نے امریکہ کو افغانستان سے بوریا بستر لپیٹنے پر مجبور کر دیا ہے۔

سنی اتحاد کونسل کے مرکزی دفتر میں مرکزی الیکشن سیل کے پہلے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ عوام مایوسیوں اور محرومیوں کی دلدل میں دھنستی جا رہے ہیں، فرسودہ اور ظالمانہ نظام سے عوام کی بیزاری تبدیلی لائے گی، جعلی ڈگریوں والے اسمبلیوں میں بیٹھے ہیں اور اصلی ڈگریوں والے نوجوان دربدر کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں، اصلی ڈگری والے جعلی ڈگری والوں سے نجات کے لیے اٹھ کھڑے ہوں۔

صاحبزادہ فضل کریم نے مزید کہا کہ دولت کے زور پر چور اور لٹیرے پھر منتخب ہو گئے تو ملکی سلامتی خطرے میں پڑ جائے گی، قوم اپنا مقدر بدلنا چاہتی ہے تو آئندہ الیکشن میں ووٹ کے ڈنڈے سے شخصیت آمریتوں اور موروثی سیاست کے بت پاش پاش کر دے۔صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ بڑی پارٹیوں کے ٹکٹ دولت والوں کو دئیے جاتے ہیں اور غریب کارکن زندگی بھر کارکن ہی رہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ را کے ایجنٹ سازشی کردار پاکستان کے حالات خراب کر رہے ہیں، توانائی بحران کی بنیادی وجہ انتظامی نااہلی ہے،بھارت معاملات کو پوائنٹ آف نو ریٹرن پر نہ لے جائے، اشیائے صرف کی قیمتوں میں اضافے سے غریب عوام متاثر ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے 80 فیصد سیاستدان جائیدادوں اور اثاثوں میں اضافے کے لیے سیاست کرتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 240714
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش