0
Thursday 21 Feb 2013 22:47

شام کے دارالحکومت دمشق میں کئی بم دھماکے، 53 افراد جاں بحق 240 سے زائد زخمی

شام کے دارالحکومت دمشق میں کئی بم دھماکے، 53 افراد جاں بحق 240 سے زائد زخمی
اسلام ٹائمز۔ شام میں ہونے والے کئی بم دھماکوں کے نتیجے میں 53 سے زیادہ افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔ العالم ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق آج شام کے دارالحکومت دمشق کے ایک علاقے التضامن میں دو بم دھماکے ہوئے، جن میں کم 35 افراد جاں بحق اور 240 سے زائد زخمی ہوگئے۔ رپورٹ کے مطابق دمشق میں روسی سفارت خانے کے نزدیک بھی بم دھماکہ ہوا، لیکن اس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔ دمشق کے ہی ایک اور علاقے المزرعہ میں بھی دھماکہ ہوا، جو کار بم دھماکہ تھا، اس دھماکے کے نتیجے میں کئی افراد جاں بحق اور زخمی ہوگئے۔ دمشق میں واقع کیڈٹ کالج میں بھی دھماکہ ہونے کی اطلاعات ہیں۔ دریں اثنا شام کی سکیورٹی فورسز نے المزرعہ علاقے میں ایک بم کا پتہ لگا کر اس کو ناکارہ بنا دیا ہے۔ یہ بم ایک گاڑی میں نصب کیا گيا تھا۔
 
دیگر ذرائع کے مطابق عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دمشق کے علاقہ المزرعہ میں بعث پارٹی کے ہیڈ کوارٹر اور روسی ایمبیسی کے نزدیک رہائیشی علاقہ کو دھماکہ کا نشانہ بنایا گیا۔ شام کے سرکاری ٹی وی کے مطابق آج دمشق میں ہونیوالے دھماکوں میں سے ایک دھماکے میں ایک سکول کے بہت سے بچے بھی جاں بحق اور زخمی ہوئے ہیں۔ بم دھماکوں کے بعد فائرنگ بھی کی گئی۔ 19 فروری کو بھی دمشق کی میونسپل کمیٹی کی بلڈنگ کے قریب اسی طرح کا بم دھماکہ ہوا تھا، جس میں 3 عام شہری جاں بحق اور 20 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔ دمشق میں آج ہونے والے بم دھماکے شامی فوج اور غیر ملکی حمایت یافتہ باغیوں گروپوں کے درمیان ہونے والی لڑائی کا ہی نتیجہ ہیں۔  
شام میں جاری لڑائی کا یہ سلسلہ تقریباً دو سال پہلے شروع ہوا تھا، شام کی فوج اور غیر ملکی حمایت یافتہ مسلح باغیوں کے درمیان ہونے والی ان جھڑپوں میں اب تک شامی سکیورٹی فورسز کی ایک بڑی تعداد سمیت ہزاروں عام شہری بھی اپنی جانیں گنوا بیٹھے ہیں۔ حال ہی میں اقوام متحدہ کی ایک رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ 30 مختلف ممالک کے مسلح دہشتگرد شام میں داخل ہو چکے ہیں، جو شامی فوج کے ساتھ مسلح جھڑپوں میں ملوث ہیں۔
خبر کا کوڈ : 241528
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش